اسٹیبلشمنٹ سیا سی تصفیہ کرا سکتی ہے، شر یفوں نے ہمیشہ دھوکا دیا : مو نش الہی 


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الٰہی نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ اسٹیبشلمنٹ سیاسی تصفیہ کروا سکتی ہے تاہم ابھی تک کسی نے رابطہ نہیں کیا۔ اعتماد کا ووٹ کب لیں گے، یہ فیصلہ عمران خان کریں گے۔ اسمبلیاں توڑنے پر ہم نے اپنی رائے دے دی ہے۔ عمران خان نے فیصلہ سنا دیا، اس پر عمل ہوگا۔ ہارس ٹریڈنگ  کے حوالے سے ن لیگ کا الزام مسترد کرتے انہوں نے کہا کہ مجھے گزشتہ الیکشن لڑنے سے روکا گیا۔ اس بار سیاسی لوگ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر رہے ہیں۔ ن لیگ نے جو کیا وہ ان کو الٹا پڑا ہے، ہمارے بندے توڑنے کیلئے منڈی تو ن لیگ نے لگانی ہے، ہم اعتماد کا ووٹ  لینے کیلئے تیار ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں ہمارے نمبرز پورے ہیں، کوئی پاگل ایم پی اے ہی ہوگا جو اس صورتحال میں غائب ہو جائے گا۔ کچھ ماہ تاریخ آگے پیچھے ہو سکتی ہے لیکن الیکشن تو ہونے ہیں۔ مونس الٰہی نے کہا کہ ہو سکتا ہے 11 جنوری سے پہلے اعتماد کا ووٹ لے لیں۔ چیف سیکرٹری کو ڈی نوٹیفائی پر کس نے راضی کیا اسکی تحقیقات کر رہے ہیں۔ 23 دسمبر کو اسمبلیاں توڑنے کیلئے اس لئے بھی ٹائم نہیں کہ صدر مملکت سے بات چیت کر رہے  تھے، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے نمبرز پر ابھی تک پی ٹی آئی سے بات نہیں ہوئی، جب سے سیاست میں آیا ہوں شریفوں نے ہمیشہ دھوکا دیا ہے۔ حمزہ شہباز نالائق وزیراعلیٰ تھے۔ اپنے دور میں سوائے میک اپ کے کچھ نہیں کیا۔  مجھے علیم خان، جہانگیر ترین نے کہا کہ یہ آپ کی نہیں پی ٹی آئی کی سیٹ ہے، نیب کا نوٹس جہانگیر ترین، علیم خان کے اثر کی وجہ سے آیا، ماموں کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہو گیا میرا نہیں ہوا۔ چودھری شجاعت حسین کے بچوں نے ان کو مس گائیڈ کیا۔ لاہور ماسٹر پلان عثمان بزدار حکومت نے بتایا، لاہور کے ماسٹر پلان کا ہمیں کیا فائدہ؟ ہم تو زمینیں پہلے ہی بیچ چکے ہیں۔تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے مذاکرات کے تین راؤنڈ ہوئے۔ تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی کے اراکین نے پرویز الٰہی کی رہائش پر پرویز الٰہی‘ مونس الٰہی‘ حسین الٰہی سے ملاقات کی جس میں ایوان میں اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے تاریخ‘ انتخابی سیٹ ایڈجسٹمنٹ‘ حلقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر مشاورت کی گئی۔ مزید مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ مذاکراتی کمیٹی میں شاہ محمود قریشی‘ فواد چودھری‘ میاں اسلم اقبال‘ راجہ بشارت‘ علی افضال ساہی‘ عباس علی شاہ اور فرحت عباس شامل تھے۔ وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے ملاقات کے بعد کہا کہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم سے بات چیت مثبت رہی‘ ہم مشاورت کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن