اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی بحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اچھے اور درست فیصلے کرنا ناگزیر ہیں۔ دانشمندی اور بہتر فیصلہ سازی سے ملک میں معاشی بحالی ممکن ہو سکتی ہے۔ پاکستان جو بھی فیصلہ کرے وہ کر سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مسائل کے باوجود امید کی کرنیں موجود ہیں۔ سیاست دانوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسائل کو جڑوں سے حل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان کے پاس بہترین ماہرین موجود ہیں لیکن مسئلہ یہ ہے کہ چیزوں پر عمل نہیں ہوتا۔ تاجر برادری پر زور دیتے ہوئے صدرمملکت نے کہا کہ بزنس چیمبرز خواتین کے لیے مواقع بڑھائیں۔ بعد ازاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو کاٹی کے صدر فراز الرحمان نے شیلڈ پیش کی۔ دریں اثناء صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے20 دسمبر کو بنوں میں دہشت گردی کے حملہ میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے لواحقین سے ٹیلی فون پر تعزیت کا اظہارکیا ہے۔ ایوان صدر پریس ونگ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر عارف علوی نے صوبیدار میجر خورشید احمد کے ورثائ‘ سپاہی سعید احمد کے بھائی اور19 دسمبر کو میران شاہ میں خود کش حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے نائیک عابد کے والد سے تعزیت کا اظہارکیا۔ صدر مملکت نے شہداء کو وطن کیلئے خدمات اور جان کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا، صدر مملکت نے شہداء کی بہادری اور وطن کیلئے قربانی کے جذبے کو سلام پیش کیا۔ صدر مملکت نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا اور صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
بہتر فیصلوں سے معا شی بھالی ممکن ، سیا ستدانوں کو ذمہ داری کا مظا ہرہ کرنا ہو گا : صدر
Dec 25, 2022