ہم پاکستان بھول گئے ، قوم کی جگہ قومیتوں نے لے لی ، کامران ٹیسوری 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ محمد کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پہلے پتھر کا زمانہ تھا، اب انسان پتھر کے ہوگئے ہیں۔ہم پاکستان بھول گئے، قوم کی جگہ قومیتوں نے لے لی۔دنیا چاند پر جارہی ہے اور ہم ابھی تک بجلی، پانی، گیس مانگ رہے ہیں، اور ایسے مانگ رہے ہیں جیسے بھیک مانگ رہے ہیں، جبکہ یہ ہمارا حق ہے۔75 سال کے بعد بھی ہم وہیں کھڑے ہیں۔دنیا آگے نکل گئی، جو ملک اور قومیں ہم سے پیچھے تھیں، ہم ان سے بھی پیچھے رہ گئے۔ پاکستان میںبہت وسائل ہیں اور خوش قسمتی سے پاکستان کی مجموعی آبادی کا 60 فیصدحصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔اگر ہم اپنے اپنے حصے کا کام کرنا شروع کردیں تو یقین مانیں ہم بہت آگے جاسکتے ہیں۔ریاست کا انتظار کرنا چھوڑ دیں، اپنے حصے کا کام کرنا شروع کریں، کسی کی راہ مت دیکھیں۔روزگار کے مواقع نہیں مل رہے تو روزگار دینے والے بن جائیں۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے یہ بات علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی دوسری تقسیمِ اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریبِ تقسیم اسناد کے موقع پر تقریباَ700 سے زائدطلباء و طالبات کو ڈپلوما کی اسناد تفویض کی گئیں اور امتیازی نمبروں سے اول، دوئم اور سوئم پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں بالترتیب طلائی، چاندی اور کانسی کے تمغے تقسیم کئے گئے۔تقریب کے شرکاء میںسرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین، سرسید یونیورسٹی کے ممبر بورڈ آف گورنرز اورسینئر علیگ کموڈور (ر) سلیم صدیقی، علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ممبر گورننگ باڈی اسلم شاہ خان، STEVTA کے مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام مصطفی سہاگ،ٹینگ چائنا انٹرنیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹیکنالوجی کے ایگزیکیٹوپریزیڈنٹ، میکس ماء (Max Ma) بذریعہ ویڈیو لنک، رجسٹرار سید سرفراز علی، ڈین FoECE پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن عبدالغنی، اے آئی ٹی کے پرنسپل شاہد جمیل ، علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے ارکان و دیگر نے بڑی تعداد نے شرکت کی۔ علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے شعبہ سافٹ وئیر ٹیکنالوجی کے اسٹوڈنتس نے سندھ بورڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن 2022کے امتحانات میں پورے سندھ میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ شعبہ بائیو میڈیکل ٹیکنالوجی میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی۔اس موقع پر سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے پانچوں پوزیشن ہولڈرز کو سرسید یونیورسٹی کی طرف سے فُل ٹیوشن اسکالر شپ دینے کا اعلان کیا۔

ای پیپر دی نیشن