غیرقانونی تعمیرات کے خلاف عدالتی احکامات پر عمل یقینی بنایاجائے ،اسحاق کھوڑو

Dec 25, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹرجنرل محمداسحاق کھوڑونے تمام ڈسٹرکٹ ڈائریکٹرز کو ہدایات کی ہے کہ غیرقانونی تعمیرات کے خلاف معززہائی کورٹ آف سندھ کے احکامات پر فوری عملدرآمد کویقینی بنایاجائے ، غیرقانونی تعمیرات کے خلاف انہدامی و دیگرقانونی کارروائی کے حوالے سے زیرالتواء معاملات کو نمٹانے میںتاخیرہرگز برداشت نہیں کی جائے گی  بصورت دیگرمتعلقہ ڈپٹی و اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی میںتاخیرنہیں کروں گا۔انہوں نے یہ ہدایات وتنبیہ  ایس بی سی اے میںمنعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں ۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل کی زیرصدارت ہونے والے ایک اجلاس میںانہوں نے خلاف ضابطہ تعمیرات کے حوالے سے کورٹ آرڈرکی تعمیل میںتاخیرپر شدید برہمی کااظہار کیا،انہوں نے کہا کہ مانا کئی جگہوںپردبائو اور مشکلات ہیں،عمارت کو رہائشی قابضین سے خالی کروانے کے معاملات بھی ہیں  مگردائرہ  اختیارات کے مطابق عدالتی احکامات پر ردعمل ضروری ہے ۔اس زمرے میں  لیگل سیکشن کی مرتب کردہ فہرست  کے مطابق  حتاالامکان انہدامی عمل کو یقینی بنایاجائے  دیگر ایکشنز میں غیرقانونی تعمیرات میں ملوث  عناصر کے خلاف ایف آئی آر ز کا اندراج کے سلسلے میں متعلقہ پولیس اسٹیشنز، مکینوں کی بیدخلی کے لئے ضلعی انتظامیہ ،سروسز کو منقطع کروانے کے سلسلے میں یوٹیلٹی محکموں  یاایجنسیز  اور سب لیز کی منسوخی کے حوالے سے رجسٹرار کو خطوط ارسال کئے جائیں ،تاکہ احکامات کی تعمیل کے حوالے سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اقدامات  سمیت اس زمرے کی متعدد تعمیرات کے خلاف انہدامی عمل میں تاخیراوررکاوٹوں کے اصل اسباب معززعدالت کے ربرو پیش کئے جاسکیں ۔ ڈائریکٹرجنرل اسحاق کھوڑو نے مزید کہاکہ ادارے میں ماڈرن سہولیات کی فراہمی  اور غیرقانونی تعمیرات کے خلاف بڑے پیمانے عدالتی احکامات کی تعمیل اور دیگر عمومی انہدامی کارروائیوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے لیکن پھربھی کئی سال سے متعدد معاملات میں غفلت  ادارے کی نیک نامی پر حرف کاسبب ہے جسے اب ہرگز برداشت نہیں کیاجائے گااور لاپرواہی کے مرتکب  ڈپٹی  و اسسٹنٹ  ڈائریکٹرز کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی ۔اجلاس میں  ڈائریکٹر  لیگل ،ڈائریکٹرز ڈیمالیشن  سمیت تمام ڈسٹرکٹ ڈائریکٹرز  شریک تھے۔  

مزیدخبریں