کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت مستند فلاحی اور غیر سرکاری اداروں کے بھرپور تعاون سے سیلاب سے متاثرہ ہزاروں سرکاری اسکولوں میں تعلیم کی جلد سے جلد بحالی کا ارادہ رکھتی ہے، حالیہ سیلاب سے سندھ میں لگ بھگ 20ہزار سرکاری اسکولوں کی عمارتیں متاثر ہوئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز گرین کریسنٹ ٹرسٹ (جی سی ٹی) کے زیراہتمام سالانہ تفریحی گالا کے پروگرام سے بطور مہمان خصوصی خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام میںجی سی ٹی کے کراچی، گھارو اور ٹھٹھہ میں قائم فلاحی اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے 1100یتیم طالبعلم جن کا تعلق غریب گھرانوں سے ہے نے شرکت کی۔ سعید غنی نے کہا کہ سندھ حکومت کے پاس اپنے طور پر اتنے مالی وسائل نہیں کہ وہ اکیلے ہزاروں متاثرہ اسکولوں میں تعلیم کی بحالی کا کام کرسکے۔ سعید غنی نے کہا کہ انہیں سندھ میں مزدوروں کے بچوں کو معیاری اسکولوں کی تعلیم کی فراہمی کے لیے جی سی ٹی جیسے مستند فلاحی اداروں کا بھرپور تعاون درکار ہے۔ وزیر محنت نے جی سی ٹی کے اس جذبے کو سراہا۔
سیلاب سے سندھ کے20ہزار سرکاری اسکول متاثر‘ سعید غنی
Dec 25, 2022