لاہور‘ اسلام آباد‘ کوئٹہ (نمائندہ نوائے وقت+ این این آئی) پنجاب کے میدانی علاقے گہری دھند کی وجہ سے موٹر ویز کے متعدد سیکشن بند کر گئے۔ شدید دھند کے باعث فضائی اور ریلوے آپریشن بھی متاثر ہے۔ ترجمان موٹر وے کے مطابق موٹر وے ایم 3 جڑانوالہ سے درخانہ تک بند رکھی گئی۔ موٹر وے ایم4 فیصل آباد سے عبدالحکیم اور موٹر وے ایم5 شیر شاہ سے ترنڈہ محمد پناہ تک بند رہی۔ موٹر وے ایم1 اسلام آباد ٹول پلازہ 386 کلوتا مین پشاور ٹول پلازہ 498کلو تک شدید دھند کے سبب بند رہی۔ دھند چھٹنے کے بعد موٹر ویز کو مرحلہ وار کھول دیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشنگوئی کی ہے۔ دھند کے باعث لاہور ائیرپورٹ پر پروازیں بھی متاثر رہیں۔ باکو، دمام، ابوظہبی اور استنبول سے لاہور آنے والی پروازوں کو اترنے کی اجازت نہ ملی۔ باکو، دمام، ابوظہبی اور استنبول سے آنے والی پروازوں کو اسلام آباد اتار لیا گیا۔ لاہور سے دن بارہ بجے سے پہلے جانے والی پی آئی اے کی پروازیں لاہور کی بجائے اسلام آباد سے روانہ کی گئیں۔ مسقط، جدہ، دبئی اور ریاض جانے والی پروازیں بھی اسلام آباد منتقل کر دی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق جدہ جانے والی پرواز پی کے 759، دبئی جانے والی پرواز پی کے 203، ریاض جانے والی پرواز پی کے725 اور مسقط جانے والی پی کے229 اسلام آباد سے روانہ کی گئیں۔ شدید دھند کی وجہ سے ریلوے سسٹم پر کراچی اور کوئٹہ سے آنے والی مسافر ٹرینوں کاشیڈول بھی بری طرح متاثر رہا اور ٹرینیں 6 گھنٹے تک لیٹ ہوئیں۔ کراچی سے لاہور آنے والی کراچی ایکسپریس5 گھنٹے40منٹ ،کراچی سے لاہور آنے والی تیزگام ایکسپریس5 گھنٹے 30 منٹ ،کراچی براستہ فیصل آباد ملکوال کے درمیان چلنے والی ملت ایکسپریس 5 گھنٹے، کراچی سے لاہور آنے والی پاک بزنس ایکسپریس4 گھنٹے ، کراچی براستہ فیصل آباد اور پشاور کے درمیان چلنے والی رحمان بابا ایکسپریس 3 گھنٹے30 منٹ ،کراچی براستہ فیصل آباد اور راولپنڈی کے درمیان چلنے والی پاکستان ایکسپریس 3 گھنٹے 30 منٹ ،مچھ سے لاہور آنے والی جعفر ایکسپریس 3 گھنٹے، کراچی سے لاہور آنیو الی علامہ اقبال ایکسپریس3 گھنٹے، کراچی سے لاہور آنے والی قراقرم ایکسپریس2 گھنٹے30 منٹ اور کراچی سے لاہور آنے والی خیبر میل ایکسپریس2 گھنٹے تاخیر کا شکار رہی۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق موٹر وے M-1 پشاور سے صوابی تک دھند میں کمی کے باعث کھول دی گئی ہے ۔ M -14 ہکلا سے یارک تک دھند میں کمی کے باعث کھول دی گئی تاہمM -1 پشاور سے رشی تا بدستور بند ہے، سوات ایکسپریس وے کرنل شیر خان تا اسماعیلہ شدید دھند کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بدستور بند کر دی گئی ہے۔ عوام سے گذارش ہے کہ دھند کے موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔ پاکستان ریلوے نے دھند میں ٹرین آپریشن کو محفوظ بنانے کیلئے ہدایات جاری کر دیں۔ اس حوالے سے ریلوے ترجمان کے مطابق گھنی دھند اور سموگ کے دوران حد نگاہ کم ہو جاتی ہے۔