لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور نیوزی لینڈکے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ کل سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹیم کا ٹیسٹ فارمیٹ میں نیوزی لینڈ کیخلاف ریکارڈ کافی بہتر ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 60ٹیسٹ میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں سے پاکستان نے 25 جیتے اور 14 میں اسے شکست ہوئی۔ 21 میچز کا نتیجہ نہ نکل سکا۔قومی ٹیسٹ سکواڈ میں ایک سے دو تبدیلیوں کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق لاہور میں پی سی بی نے عبوری سلیکشن کمیٹی کا اعلان کیا ہے،شاہد خان آفریدی کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی ٹیسٹ سکواڈ میں تبدیلیوں پر غور کریگی۔ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلئے سکواڈ کا اعلان پہلے ہی کیا جاچکا ہے۔ عبوری سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سکواڈ کا بھی اعلان کرنا ہے۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ کراچی منتقل کر دیا گیا اور اس کی تاریخ بھی تبدیل کر دی گئی ہے۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ دونوں بورڈز کی مشاورت کے بعد ملتان سے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے اور اس کی تاریخ میں بھی رد و بدل کر دی گئی ہے۔پاکستان اور نیوزی کے درمیان دوسرا ٹیسٹ اب 3 کی بجائے 2 جنوری 2023 سے کراچی میں شروع ہو گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق دوسرا ٹیسٹ میچ ملتان میں کھیلا جانا تھا لیکن خراب موسم کی وجہ سے میچ ملتان سے کراچی شفٹ کیا گیا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والی ون ڈے سیریز کے میچز بھی ری شیڈول کر دیئے گئے ہیں، ون ڈے میچز اب 9 ، 11 اور 13 جنوری 2023 کو کراچی میں ہوں گے، اس سے قبل ون ڈے میچز 10 ، 12 اور 14 جنوری کو ہونا تھے۔