اسلام آباد(خبرنگار)عروج وزوال کی انسانی تاریخ سے پتہ چلتا ہے کہ ہر قوم کی زندگی میں ایک وقت ایسا آتاہے جب اس قوم کوزلت سے نکالنے کے لیے ایک عظیم اور فعال ہستی ابھر کر سامنے آتی ہے اور اپنے کردار اور شخصیت سے اپنی قوم کا مقدر بن جایا کرتی ہے ایسی شخصیت صدیوں میں ایک بار ہی پیدا ہوتی ہے،ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی کی ناظمہ ثمینہ احسان اور ناظمہ ضلع اسلام آباد نصرت ناہید نے یوم قائد کے موقع پر اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ قائد اعظم کا شمار ان عظیم ہستیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی مسیحائی سے برسوں کی نیم مردہ قوم میں ایک نئی روح پھونک کر اسے اتحاد ،ایمان اور تنظیم کی لڑی میں پرودیا۔ثمینہ احسان نے مزید کہا قائد اعظم نے اپنے فولادی عزم اور بے مثال قوت ارادی سے اپنی قوم کو صدیوں کی جس زہنی اور جسمانی غلامی سے آزادی دلوائی تھی،ہمارے طالع آزما اور مفاد پرست سیاست دانوں نے اسے دوبارہ اسی ذہنی غلامی میں دھکیل دیا ہے۔آج بھی ہمیں قائد اعظم کے فرمودات اور عزم سے روشنی حاصل کرنے کی اتنی ہی ضرورت ہے جتنی 1947 میں تھی۔اسی موقع پر ثمینہ احسان اور نصرت ناہید نے اسلام آباد آئی ٹین میں ہونے والے خود کش دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شر پسند عناصر کی سرکوبی کی جائے اور شفاف تحقیقات کے ذریعے اصل مجرموں کو بے نقاب کیا جائے ۔