شہری سے 50لاکھ روپے کی ڈکیتی  بنک سکیورٹی گارڈ ملوث نکلا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے شہری سے 50لاکھ روپے لوٹنے والے اسٹریٹ کرمنل کا ساتھی بینک کا سیکیورٹی گارڈ نکلا۔رواں برس 16 نومبر کو کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی میں بینک سے ایک شہری پچاس لاکھ روپے لے کر نکلا تو نامعلوم ملزمان نے اسے لوٹ لیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ شہری سے لوٹ مار کرنے والوں میں بینک کا سیکیورٹی سپر وائزر بھی شامل تھا، جسے پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی کے مطابق سیکیورٹی سپروائزر خاور خان نے اپنے ساتھی ملزمان کو شہری کے پاس بڑی رقم ہونے کی اطلاع دی، ملزم کی نشاندہی پر دو موٹر سائیکل پر سوار ملزم شاکر عرف شاہد اور دو ساتھیوں نے بینک سے تعاقب کرکے واردات کی تھی۔ ایس ایس پی کے مطابق نجی کمپنی کے مالک امتیاز احمد نے 16نومبر کو نجی بینک کی ایف ٹی سی برانچ سے رقم نکلوائی تھی، گرفتار ملزم خاور خان اسی بینک کا سکیورٹی سپروائزر ہے جہاں سے رقم نکلوائی گئی تھی۔3 ملزمان نے پی ای سی ایچ سوسائٹی بلاک 6 میں نجی کمپنی کے دفتر کے گیراج میں امتیاز احمد سے 50لاکھ روپے لوٹے اور فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملزم خاور خان پہلے بھی گرفتار ہو چکا ہے، اور جیل میں اس کی ملزم شاکر سے ملاقات ہوئی تھی، ملزم شاکر عرف شاہد لانڈھی کی سیاسی جماعت سے تعلق رکھتا ہے۔ ایس ایس پی کے مطابق ملزم خاور نے اپنے بیان میں اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ واردات سے ایک دن قبل ملزم شاکر عرف شاہد اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایف ٹی سی آیا تھا، اور اس نے بڑی رقم کی اطلاع دینے کی صورت میں اچھی رقم دینے کی آفر دی تھی۔ ملزم نے اپنے بیان میں بتایا کہ ملزم شاکر نے 50لاکھ روپے کی ڈکیتی کرنے کے بعد فون پر صرف 20لاکھ روپے ہاتھ لگنے کا بتایا، میں نے اس سے اپنے حصے کی رقم مانگی تو اس نے موبائل فون بند کر دیا، اور لوٹی گئی رقم سے حصہ نہیں دیا۔
سیکیورٹی گارڈ ملوث

ای پیپر دی نیشن