قائدِ اعظم محمد علی جناح کا یومِ پیدائش، مزارِ قائد پر گارڈز تبدیلی کی پر وقار تقریب

کراچی: بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقعے پر مزارِ قائد پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مزارِ قائد پر آج گارڈز تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے تربیت یافتہ دستے نے مزارِ قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض پی ایم اے کاکول کے حوالے کیے۔

گزشتہ برس پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے تھے۔ آج گارڈز تبدیلی کی تقریب کے دوران میجر جنرل عمر عزیز مہمانِ خصوصی تھے۔ انہوں نے مزارِ قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ مہمانِ  خصوصی میجر جنرل عمر عزیز نے مزارِ قائد پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے اور بانئ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کی روح کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

خیال رہے کہ بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناح کا 145واں یومِ پیدائش آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔ بانی پاکستان نے آزادی پاکستان سے قبل اتحاد و یگانگت  اور یکجہتی کو فروغ دیتے ہوئے قوم میں نئی روح پھونک دی۔آج قائدِ اعظم کے یومِ پیدائش کے موقعے پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ ملک بھر میں بانی پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے مختلف تقاریب، ریلیاں اور جلسے جلوس منعقد ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن