واشنگٹن (این این آئی) امریکی ماہر مائیکل کوگلمین نے پاکستان کی موجودہ صورتحال کے بارے میں کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کا دباؤ ضرور ہے لیکن عدالتیں اہم کردار ادا کریں گی۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق مائیکل کوگلمین جو واشنگٹن ڈی سی میں ووڈروولسن انٹرنیشنل سینٹر فار سکالرز میں جنوبی ایشیا کے سینئر پروگرام ایسوسی ایٹ ہیں، انہوں نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں پاکستان کی موجودہ صورتحال پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا کہ پاکستان کے انتخابات پر طاقتور حلقوں کے اثرات کے بارے میں بہت سی باتیں ہو رہی ہیں لیکن پاکستانی عدالتیں بھی ایک اہم کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں اور ممکنہ طور پر انہیں ایسا کرتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے دباؤ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ عدلیہ کے لئے سب سے اہم مسائل میں سے ایک نوازشریف کی اہلیت کا ہے۔