پاک بحریہ اور عمان رائل نیوی کی ثمر الطیب دو طرفہ مشق

Dec 25, 2023

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) پاک بحریہ اور عمان رائل نیوی کی دو طرفہ مشق ثمر الطیب خلیج عمان میں منعقد ہوئی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق یہ مشق 2002 سے پاک بحریہ اور عمان کی رائل نیوی کے درمیان منعقد ہونے والی ثمرالطیب مشقوں کے سلسلے کی گیارویں مشق تھی۔ مشق میں پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس اصلت ، فاسٹ اٹیک کرافٹ پی این ایس قوت ، پاک بحریہ کے میری ٹائم پیٹرول ایئر کرافٹ، ہیلی کاپٹر اور سپیشل آپریشنز فورسز نے حصہ لیا۔ دو طرفہ مشق کا انعقاد دو مرحلوں میں کیا گیا ۔ ہاربر فیز میں آپریشنل اور ٹیکٹیکل لیول کی ٹیبل ٹاپ ڈسکشنز اور مشق کی منصوبہ بندی سے متعلق کانفرنسز شامل تھیں۔ مشق کے سی فیز کے دوران دونوں بحری افواج نے جدید آپریشنل مشقوں کا انعقاد کیا جس میں اینٹی ایئر، اینٹی سرفیس وارفیئر اور انسداد دہشت گردی کی مشقوں سے متعلق میری ٹائم آپریشنز کے اہم پہلوؤں کو شامل کیا گیا۔ مشق میں دونوں بحری افواج کے جہازوں نے مشترکہ گشت بھی کیا جس کا مقصد سمندر میں غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنا تھا۔ ثمرالطیب کے انعقاد سے دونوں بحری افوج کے باہمی تعاون کو بہتر بنانے اور اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں کو مزید نکھارنے کا موقع ملا۔پاکستان اور عمان کا مشترکہ بحری علاقہ ہے اور دونوں بحری افواج سمندر میں امن وامان کے قیام کو برقرار رکھنے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کرتی ہیں۔ دو طرفہ مشق ثمر الطیب 2023 کا انعقاد پاکستان اور عمان کے درمیان بالعموم اور پاک بحریہ اور عمان نیوی کے درمیان بالخصوص مضبوط برادرانہ تعلقات کا واضح مظہر ہے۔

مزیدخبریں