کرسمس آج : پوپ فرانسس نے سادگی سے منانے کی اپیل کر دی 

لاہور+ ویٹی کن سٹی+ بیت الحم( نامہ نگار+ این این آئی) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مسیحی برادری آج 25 دسمبر کوکرسمس کا تہوار انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منائے گی ۔کرسمس ٹریز کی تیاری کے ساتھ ساتھ تمام چرچز کو انتہائی خوبصورتی سے سجا دیا گیا ہے۔ کرسمس کی مناسبت سے گرجا گھروں میںخصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جہاں مسیحی برادری کے افراد اپنی مذہبی تقریبات کی ادائیگی اور عبادات کریں گے۔ اس موقع پر ملکی ترقی، قیام امن اور سلامتی و خوشحالی کی خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ دنیا بھر کے مسیحی افراد ہر سال 25دسمبر کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام (یسوع مسیح) کے یوم ولادت کے موقع پر کرسمس کا تہوار انتہائی عقیدت و احترام سے مناتے ہیں۔ لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ پولیس افسران سکیورٹی انتظامات چیک کرنے کے لئے پیٹرولنگ بھی کریں گے۔ اسرائیل، حماس جنگ کے باعث بیت الحم میں کرسمس کی خوشیاں ماند پڑنے لگیں۔ مغربی کنارے کی مسیحی برادری بھی کرسمس کے موقع پر دل گرفتہ ہے نہ بچے نہ بڑے کوئی کرسمس کا جشن منانے کو تیار نہیں۔ مسیحی برادری کا کہنا ہے کہ ہمارے دلوں میں کوئی خوشی باقی نہیں۔ بیت الحم میں ’’کرسمس نہیں‘‘ کے بینرز آویزاں کر دیئے گئے۔ مظاہرین نے شاپنگ سینٹر کے باہر نعرے لگائے ’’آپ شاپنگ کر رہے ہیں، غزہ میں بم گر رہے ہیں۔‘‘ عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے یوکرائن و غزہ جنگ میں ہلاکتوں کے باعث کرسمس سادگی سے منانے کی اپیل کر دی۔ پوپ نے کہا کہ فلسطین، اسرائیل اور یوکرائن جنگ متاثرین کے ساتھ ہیں۔ مشکلات، بھوک افلاس اور غلامی کا شکار افراد سے بھی ہمدردی ہے۔ کرسمس کی خوشیوں میں اسراف نہ کریں اور کرسمس سادگی سے منائیں۔ 

ای پیپر دی نیشن