فیروز والہ (نامہ نگار) نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی مبینہ نااہلی کے باعث لاہور کا رہائشی نوجوان سڑک کے درمیان رکھی ڈائیورشن سے ٹکرا کر زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ بادامی باغ لاہور اور انار کلی کے رہائشی دو نوجوان موٹر سائیکل پر سوا ر ہو کر مریدکے سے لاہور آ رہے تھے کہ جی ٹی روڈ کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ کے قریب نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی طرف سے شاہدر ہ جانے والی ٹریفک روکنے کی غرض سے سڑک کے درمیان رکھے‘ ڈائیورشن سے ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں نوجوان ریحان ارشد28 سالہ جاں بحق جبکہ قمر عباس اور اس کا تیسرا نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکو 1122 کی ٹیموں نے زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا۔ مسافروں کے مطابق جی ٹی روڈ کالا شاہ کاکو ٹول پلاز ہ کے قریب حکام نے ریفلیکٹر لائٹ کے بغیر ڈائیورشن لگا رکھی ہے جس سے دھنداور اندھیرے کے دوران متعدد حادثات رونما ہو چکے ہیں۔