مٹھیال (نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے جنڈ شہر میں جماعت اسلامی تحصیل جنڈ کے زیرانتظام جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم بیدار ہو چکی ہے۔ کرپٹ اور ظالم حکمرانوں کی الٹی گنتی شروع ہو گئی۔ قوم 8فروری کو جماعت اسلامی کے حق میں فیصلہ دے کر ملک پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی بنیاد رکھے گی۔ اقتدار میں آکر کشمیر کو آزاد کرائیں گے اور قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو پاکستان واپس لائیں گے۔ فلسطین میں نہتے مسلمانوں پر وحشیانہ بمباری میں ہزاروں مظلوم فلسطینی بہن بھائی شہید ہو چکے ہیں لیکن نواز شریف، زرداری، بلاول بھٹو نے امریکہ اور اسرائیل کی مذمت میں ایک بیان تک نہیں دیا۔ جماعت اسلامی ایک ارب چالیس کروڑ روپے فلسطین بھجوا چکی ہے لیکن یہ پیسوں کی لڑائی نہیں ٹینکوں کی لڑائی ہے۔ آپ لوگ جماعت اسلامی کو اقتدار دیں اس کرپٹ ٹولے کی گردن پر ہاتھ رکھ کر انکے پیٹ سے کرپشن کا ایک ایک پیسہ نکالیں گے۔ ضلع اٹک کی غیور عوام جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب کریں۔ آپ کے تمام حقوق کا دفاع کرے گی اس موقع پراقبال خان امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے49, سردارامجد علی خان امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے50,امیدوارصوبائی اسمبلی حلقہ پی پی1حافظ جابر علی خان, امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 2اویس اسلم مرزا, امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی3میاں محمد جنید,امیدوارصوبائی اسمبلی پی پی4آصف علی خان, امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی5حافظ تنویراحمد,حافظ عبدالروؤف امیر جماعت اسلامی تحصیل جنڈ, صدر الخدمت فاؤنڈیشن ضلع اٹک ڈاکٹر طاہر ایوب خان، سابق چیئرمین یوسی ملہوالی ملک ریاض الدین,سماجی شخصیت منظور حسین کے علاوہ جماعت اسلامی کے ذمہ داران وکارکنان کے علاوہ کثیر تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ عوام اب دو خاندانوں کی بادشاہت قبول نہیں کریں گے۔8 فروری کوقوم نااہل اور نالائق سیاسی ٹرائیکا سے نجات حاصل کرے گی۔آج ملک ان تین بڑی سیاسی جماعتوں کی وجہ سے سیاسی،معاشی اور معاشرتی بحرانوں کا شکار ہے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر پاکستان میں عدل و انصاف کا نظام قائم کرے گی۔ امریکی سفیر اسلام آباد میں بادشاہ بنا ہوا ہے اور اپنے ایجنٹوں کو ایوانوں تک پہنچانا چاہتا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ امت مسلمہ کے حکمرا ن غزہ، کشمیرکے ایشوکو عالمی فورمزپر اجاگرکرے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے جھنڈ ضلع اٹک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پنجاب شمالی و امیدواراین اے 49محمد اقبال خان،امیدوار قومی اسمبلی این اے50سردار امجد علی خان، امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 5 حافظ تنویر احمد امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 2 اویس اسلم مرزا اور دیگر بھی موجود تھے۔
8 فروری کو قوم نااہل سیاسی ٹرائیکا سے نجات حاصل کرے گی: سراج الحق
Dec 25, 2023