قائد اعظم پر لکھی گئی سری لنکن مصنف کی کتاب نے پہلے ہی دن فروخت کا ریکارڈ توڑ دیا

سری لنکن مصنف چندناوجیکون کی جانب سے قائدِاعظم محمد علی جناح پر لکھی گئی کتاب نے تقریب رونمائی کے دوران ہی فروخت کے ریکارڈ توڑ دیے۔مصنف چندناوجیکون نے ”علی جناح: سلور وائس آف ایشیا“ کے نام سے ایک کتاب لکھی، جس کی تقریب رونمائی کولمبو انٹرنیشنل بک فیئر میں کی گئی۔تقریب کے دوران ہی کتاب کی چھ ہزار کاپیاں فروخت ہوگئیں جو قائد اعظم کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔کتاب لانچ کرنے کی تقریب سینٹ جانز کالج میں بھی کی گئی ، جہاں پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنرواجد حسین تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔تقریب میں سری لنکا کے میجر جنرل ریٹائرڈ پرتھاپ نے خصوصی طور پر خطاب کیا۔میجر جنرل پرتھاپ کا کہنا تھا کہ محمد علی جناح کی بر صغیر کے مسلمانوں کے لیے بیش بہا خدمات ہیں۔سینٹ جانزکالج کی ڈپٹی پرنسپل راسنجلی جیا تلکا نے کتاب کی لانچ پر مصنف کو خراج تحسین پیش کیا۔تقریب میں کئی دیگر مصنف، صحافی اور سینیئر سول و ملٹری افسران نے بھی شرکت کی۔دوران تقریب پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر نے دونوں ممالک کے گہرے تعلقات پر روشنی ڈالی اور مصنف کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر دی نیشن