قائداعظم کے اصولوں پر عمل خراجِ عقیدت کا بہترین طریقہ ہے:وزیراعظم

Dec 25, 2023 | 17:46

ویب ڈیسک

وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ قائداعظم کے اصولوں پر عمل خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے، قوم کو قائدِ اعظم کے رہنما اصولوں پر عمل کرنا ہوگا۔ 

تفصیلات کے مطابق قائدِ اعظم کے یومِ پیدائش کے موقعے پر قوم کے نام اپنے پیغام میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ آج بھی قائدِ اعظم محمد علی جناح قوم کیلئے مشعلِ راہ ہیں، پورا ملک بابائے قوم کو انتہائی عقیدت و احترام سے یاد کرتا ہے۔قوم کے نام پیغام میں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ قائداعظم کے اصول ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط من حیث القوم ہمارے لیے بھی رہنما اصول ہیں۔ عظیم قائد کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے ان کے اصولوں پر عمل کرنا بہترین طریقہ ہے۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ ضروری ہے کہ انتہا پسندی کو شکست دینے، جمہوریت، پر امن بقائے باہمی اور قانون کی حکمرانی یقینی بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھا جائے۔ آئیے قومی اتحاد کے ساتھ خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا خواب شرمندۂ تعبیر کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ قائدِ اعظم نے قوم کو عظیم مقصد کیلئے بہادری سے مشکلات کا مقابلہ کرنے کا درس دیا۔ آپ کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر مسلمان قوم اپنا اجتماعی مقصد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔ آپ کی زندگی آئینی جدوجہد اور سیاسی بصیرت کی آئینہ دار تھی۔ 

مزیدخبریں