واشنگٹن میں جنرل اشفاق پرویز کیانی اور رابرٹ گیٹس کے درمیان ہونیوالی ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ جنرل کیانی نے انہیں افغان جنگ کے باعث پیدا ہونیوالی مشکلات اوردہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانیوالی کوششوں سے آگاہ کیا ۔ اس سے پہلے چیف آف آرمی سٹاف نے اپنے امریکی ہم منصب جنرل جان ڈبلیو کیسے کے ساتھ بھی ملاقات کی اور پیشہ ورانہ امورپر تبادلہ خیال کیا۔ پینٹا گون کے دورے کے دوران امریکی فوج کے سربراہ ایڈمرل مائیک مولن نے بھی جنرل کیانی سے ملاقات کی جس میں پیشہ وارانہ امورسمیت دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ڈائریکٹرسی آئی اے لیون پینیٹو، ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس ایڈمرل ارک ٹی اولسن اور کمانڈر سپیشل آپریشنز سے ہونیوالی ملاقاتوں میں بھی دہشت گردی کے خاتمے کےلیے باہمی تعاون بڑھانے پرغورکیا گیا۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے نیشنل یونیورسٹی واشنگٹن کا بھی دورہ کیا اور جنوبی ایشیا میں استحکام اور درپیش چیلنجز کے موضوع پرلیکچردیا۔ امریکی فوج کی جانب سے جنرل اشفاق پرویز کیانی کو لیجن آف میرٹ کا اعزاز بھی دیا گیا۔ اعزازلیجن آف میرٹ میں کہا گیا کہ جنرل کیانی نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا ۔ امریکی فوج کی جانب سے جنرل کیانی کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔