ہری پور (اے پی اے) تحریک صوبہ ہزارہ کے سربراہ بابا حیدر زمان نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن میں ہزارہ عوام کو بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا، پارلیمنٹ میں موجودکوئی سیاسی جماعت صوبہ ہزارہ کے قیام میں مخلص نہیں، مسلم لیگ( ن) نے پختونخواہ بناکرہزارہ دھرتی سے غداری کی اوراب آئندہ الیکشن میں ہزارہ کے لوگوں کو پھر بے وقوف بنانے کے لئے جھوٹے وعدے کررہے ہیں کہ اقتدارمیں آکرصوبہ ہزارہ بنائیںگے لیکن ہزارہ عوام کسی قیمت پر ان کے بہکاوے میں نہیں آئیںگے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر حکومت نے صوبہ جنوبی پنجاب بہاولپورکا اعلان کیا اور ہزارہ کو نظراندازکیا تو پھر ہزارہ کے عوام حکومت کےخلاف بغاوت کریںگے اور پہلے فیز میں حسن ابدال سے پشاور اور اسلام آبادکو ملانے والی جی ٹی روڈ اس وقت تک بلاک کریںگے جب تک صوبہ ہزارہ کے قیام کا اعلان نہیں ہو جاتا اور دوسرے فیز میں پارلیمنٹ کاگھیراﺅکریںگے۔