قائداعظم ٹرافی فائنل : سیالکوٹ نے کراچی بلیوز کیلئے 4 وکٹوں پر 139 رنز بنا لئے

Feb 25, 2013

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے پہلے روز 53 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا۔ سیالکوٹ ریجن نے پہلے کھیلتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنا لیے۔ ماجد جہانگیر نے نصف سنچری سکور کی۔ سیالکوٹ اور کراچی بلیو کی ٹیموں کے درمیان لاہور میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں کراچی بلیو کی ٹیم نے ٹاس جیت کر سیالکوٹ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ سیالکوٹ ریجن کا آغاز اچھا نہ تھا 54 کے سکور پر اس کی تین وکٹیں گر گئی تھیں جن میں شکیل عنصر 11، فیصل رشید بغیر سکور کے جبکہ فیصل خان 4 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ 104 کے ٹوٹل پر سیالکوٹ کی چوتھی وکٹ ماجد جہانگیر کی گری انہوں نے 54 رنز بنائے۔ پہلے روز کا کھیل ختم ہوا تو سیالکوٹ کی ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنا رکھے تھے۔ محمد ایوب 49 اور منصور امجد 11 کے سکور کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ کراچی کی جانب سے انور علی نے 2 جبکہ طارق ہارون اور اکبر الرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ صوبائی دارلحکومت لاہور میں جمعہ اور ہفتہ کے روز ہونے والی بارش کے باعث اتوار کو میچ اپنے مقررہ وقت پر شروع نہ ہو سکا تھا۔ 
 

مزیدخبریں