نیشنل گرڈ میں خرابی کےباعث لاہوراسلام آباد کراچی سمیت ملک کےبیشترشہروں میں بند ہونیوالی بجلی کی بحالی شروع ہوگئی۔

Feb 25, 2013 | 10:05

نیشنل پاور کنٹرول سسٹم میں فنی خرابی کے بعد ملک کا اسی فیصد حصہ تاریکی میں ڈوب گیا۔ 1200 میگا واٹ کے پیداواری یونٹ حبکو میں فنی خرابی سے 500 کے وی کی تمام لائنیں بند ہو گئیں۔ آئیسکو ذرائع کے مطابق تربیلا اور منگلا ڈیم کے پاور اسٹیشن بھی ٹرپ کر گئے۔ نیشنل پاور کنٹرول سسٹم میں فنی خرابی کی وجہ سے اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، آزاد کشمیر، نواب شاہ، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، جھنگ، چنیوٹ اور لیہ سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بجلی کی سپلائی بند ہو گئی۔ کے ای ایس سی کو بجلی فراہم کرنے والی این کے آئی اور جامشورو مین لائن ٹرپ ہونے سے کراچی تاریکی میں ڈوب گیا۔ اس کے علاوہ بلوچستان کے علاقے حب، ویندر، اتھل، بیلہ اور سندھ کے علاقے گھارو اور دھابیجی کو بھی بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ حیدر آباد میں نیشنل گرڈ میں فنی خرابی کی وجہ سے سندھ کے کئی شہروں میں بجلی کی سپلائی بند ہو گئی۔ بجلی کے بند ہونے سے ملک بھر کے اسپتالوں میں مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ملک بھر میں بجلی کی بندش کا وزیراعظم نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر حکام گرڈ اسٹیشن پہنچ گئے جس کے بعد مختلف شہروں میں بجلی کی بحالی کا آغاز ہو گیا۔ اسلام آباد، راولپنڈی، کھاریاں، مردان اور دیگر کچھ علاقوں میں بجلی بحال ہو گئی۔ آئیسکو چیف کا کہنا ہے کہ آہستہ آہستہ بجلی کی بحالی کا کام جاری ہے اور چند گھنٹوں میں تمام علاقوں کو بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق بحال کر دی جائے گی۔

مزیدخبریں