ملک بھر میں سہ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز، منچن آباد میں لیڈی ہیلتھ ورکر پر تشدد

Feb 25, 2014

لاہور + کوئٹہ (نیوز رپورٹر+ ایجنسیاں) لاہور سمیت پنجاب بھر میں پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لئے صوبہ بھر میں 39 ہزار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر پولیو کے قطرے پلائیں گی۔ ان ٹیموں میں محکمہ صحت اور پولیو ورکرز کے 80 ہزار سے زائد اہلکار حصہ لے رہے ہیں جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔ ان ورکرز کی جان و مال کی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔ پولیو مہم 24 سے 26 فروری تک جاری رہے گی۔ دوسری طرف ڈی سی او لاہور ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں تین روزہ پولیو مہم کا آغازکر دیا گیاہے۔ انہوں نے بتایا محکمہ ہیلتھ کی3162 ٹیموں نے گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمرکے5 لاکھ16ہزار8سو59 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جبکہ120 موبائل ٹیمیں اور 275 فکس ٹیمیں ریلوے اسٹیشن، لاری اڈہ، ائیر پورٹ اور دیگر ٹرانزٹ پوائنٹس پر پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا رہی ہیں۔ گوجرانوالہ میں بھی تین روزہ پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ادھر بلوچستان بھر میں بھی انسداد پولیو کی قومی مہم آج سے شروع ہوگئی ہے۔ بلوچستان کے 32اضلاع میں تقریباً 22لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ قطرے پلانے کیلئے 6ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 780 فکس اور 280 ٹرانزٹ ٹیمیں بھی مہم میں حصہ لے رہی ہیں۔ فیصل آباد کے نمائندہ خصوصی کے مطابق فیصل آباد میں پولیو ٹیم کے ممبران سلیمان نذیر معہ پولیو ٹیم جو گلفشان کالونی علاقہ تھانہ جھنگ بازار میں گھر گھر جا کر پولیو مہم کے سلسلہ میں ویکسینیش بچوں کوفراہم کر رہی تھی جب پولیو ٹیم گلفشاں کالونی پہنچی تو نذیر احمد ولد وزیر علی کا دروازہ کی بل دی تو نذیر احمد باہر آیا اور پولیو ٹیم کو قطرے پلانے سے منع کرنے لگا پولیو ٹیم نے سمجھایا ہم اپنی سرکاری ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں لیکن ملزم نذیر احمد پولیو ٹیم کو بھی برا بھلا کہنے لگا اور پولیو ٹیم کو گالی گلوچ دینے لگا جس پر اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں نامہ نگار کے مطابق منچن آباد میں پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیم کی انچارج لیڈی ہیلتھ ورکر پر تشدد، بدتمیزی کی گئی۔ بیلا سنگھ کوکارہ میں راجدہ بی بی نامی لیڈی ہیلتھ ورکر کی ڈیوٹی تھی۔ وہاں موجود عبدالغفار نامی شخص نے  انہیں پولیو کے قطرے پلانے سے منع کیا، ایسا نہ کرنے پر عبدالغفار نے راجدہ بی بی پر تشدد کیا، اسکی کلائی مروڑی اور اسکے ساتھ انتہائی بدتمیزی سے پیش آیا۔ ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

مزیدخبریں