واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ طویل المدتی منصوبوں پر عمل کر رہا ہے، پاکستان اور افغانستان کو 3.4 ارب ڈالر امداد دینے کا ارادہ ہے۔ سینٹ کی مالیاتی کمیٹی سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ ایک ارب ڈالر پاکستان میں توانائی، تعلیم اور صحت پر خرچ ہونگے۔ 16 دسمبر کے بعد پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف مضبوط ارادہ کیا۔جان کیری نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ملکر ایسے دہشت گرد گروپوں کے خلاف کام کر رہے ہیں جو دونوں ملکوں کی سکیورٹی کےلئے خطرہ ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت سے تعلقات مضبوط ہوئے ہیں۔ پاکستان میں توانائی، سکیورٹی، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انتہاپسندوں کے خلاف جنوبی اور وسطی ایشیا میں لڑائی جاری ہے۔ افغانستان کے ساتھ سکیورٹی معاملات پر مشاورت جاری رکھیں گے۔ نئی افغان حکومت کی امداد کیلئے 1.5ارب ڈالر کی درخواست کریں گے۔