فرانس: ڈاکٹر طاہرالقادری کی 64ویں سالگرہ کاکیک کاٹا گیا ‘آنے والا وقت عوامی تحریک کا ہوگا: طارق چوہدری

پیرس (صاحبزادہ عتیق الرحمن سے) پیرس کے نواحی علاقے لاکورینو میں گزشتہ روز منہاج  القرآن انٹرنیشنل کے بانی ڈاکٹر طاہرالقادری کی 64 ویں سالگرہ منہاج القرآن مرکز میں جوش و خروش سے منائی گئی۔ قاری طاہر عباس نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ حافظ صدیق نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی۔ نعت زاہد محمود چشتی نے پڑھی۔ جنرل سیکرٹری منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس قاضی محمد ہارون نے  فرانسیسی مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور پروگرام کی غرض و غایت پر روشنی ڈالی۔ ڈائریکٹر منہاج القرآن فرانس علامہ اویس قادری نے ڈاکٹر طاہر القادری کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ منہاج نعت کونسل کے نوجوانوں نے ترانہ گاکر ڈاکٹر طاہر القادری کو خراج  حسین پیش کیا۔ میئر لاکورینو موسیو جل پوہ Giules Poux نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ملکر لوگوں کے بنیادی حقوق ان تک پہنچائیں۔ جنرل کونسل کے صدر اسٹیفین ٹروسل نے کہا کہ آج پہلی بار مجھے  ڈاکٹر طاہر القادری کے بارے میں جاننے کا موقع ملا ہے۔ صدر منہاج القرآن فرانس اظہر صدیق نے فرانسیسی زبان میں فرنچ مہمانوں کو ڈاکٹر طاہرالقادری کی مختلف موضوعات پر لکھی گئی کتب کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا جس کے بعد فرانسیسی مہمانوں کے ساتھ ڈاکٹر طاہر القادری کی 64 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ علامہ رزاق گجر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ظلم کے خاتمے کے لئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا ساتھ دینا ہوگا۔ علامہ اقبال اعظم نے  سالگرہ کے حوالے سے خوشی منانے کا اظہار کیا۔ منہاج  نعت کونسل نے منہاجی ترانہ  پیش کیا جس پر حاضرین جھومتے رہے۔ سفیر یورپ علامہ حافظ نذیر نے سالگرہ کے حوالے سے لوگوں کو مبارکباد دی اور دعا کرائی۔ بعد میں حافظ نذیر احمد کے ساتھ منہاج القرآن کی جملہ تنظیمات کے عہدیداران نے یکے بعد دیگرے ڈاکٹر طاہرالقادری  کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔ منہاج القرآن کے بانی رہنما طارق چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ تمام دنیا میں منہاجی ساتھیوں کو سالگرہ کی مبارکباد دی اور کہا کہ آنے والا وقت  عوامی تحریک کا ہوگا۔ پروگرام کو بہترین آرگنائز کرنے پر سلمان اسلم کو خصوصی مبارکباد دی گئی۔

ای پیپر دی نیشن