پاکستان کے ورلڈکپ کوارٹرفائنل میں پہنچنے کا امکان ہے : زیب خان

لاہور(نمائندہ سپورٹس/ سپورٹس رپورٹر) پاکستان کی ٹیم کے کوارٹر فائنل میں جانے کے امکانات موجود ہیں۔ معین خان کی واپسی کے بھی ٹیم پر اچھے اثرات مرتب ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار آسٹرولوجر ڈاکٹر زیب خان نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ معین خان اور وقار یونس کے ستارے میچ نہیں کرتے تھے جس کی وجہ سے ٹیم مسائل کا شکار نظر آ رہی تھی۔ اب قومی کرکٹرز کے پاس اچھا موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھر پور اظہار کرتے ہوئے ناکامیوں کا ازالہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کپتان مصباح الحق متضاد شخصیت کے مالک ہیں وہ درست وقت پر بات نہیں کرتے اپنے جذبات چھپا جاتے ہیں,یہی وجہ ہے کہ وہ بڑے، مضبوط اور دلیرانہ فیصلے نہیں کر پاتے۔ معین خان کی وطن واپسی سے وقار یونس کو آزادانہ فیصلے کرنے میں آسانی ہوگی۔ ڈاکٹر زیب خان کا کہنا تھا کہ یکم مارچ کو زمبابوے کے خلاف ہونیوالے میچ میں قسمت زمبابوے کا زیادہ ساتھ دے گی۔ مصباح الحق کے ٹاس جیتنے کے امکانات کم ہیں لیکن میچ جیتنے کے امکانات زیادہ ہیں۔ زمبابوے کی کارکردگی اتار چڑھاؤ کا شکار رہے گی اور گرین شرٹس کو ان حالات میں فائدہ اٹھانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ فاسٹ باؤلر محمد عرفان،بلے باز صہیب مقصود کے لئے اچھی کارکردگی مشکل ہو گی۔ مصباح مرد بحران کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ زمبابوے کے خلاف میچ میں باؤلنگ کے بجائے بیٹنگ کے شعبے میں زیادہ بہتر کارکردگی کی توقع ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن