گلگت بلتستان: ٹیکسز کے خلاف اپوزیشن کا اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ، ریلی

Feb 25, 2016

گلگت (اے این این) گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کی اپوزیشن جماعتوں کے ممبران نے ٹیکسز کیخلاف گزشتہ روز ہونے والے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا اور ریلی لے کر گھڑی بازار پہنچ گئے۔ اپوزیشن جماعتوں میں پیپلز پارٹی، اسلامی تحریک، جمعیت علماء اسلام، ایم ڈبلیو ایم اور بالا ورستان نیشنل فرنٹ نے گلگت بلتستان میں وفاق کی طرف سے غیر قانونی طورپر نافذ کردہ ٹیکسوں کے خلاف قانون ساز اسمبلی کے جاری اجلاس سے واک آئوٹ کرکے ریلی کی شکل میں پیدل مختلف سڑکوں سے ہوتے ہوئے گھڑی بازار میں اینٹی ٹیکس موومنٹ کے احتجاجی جلسے میں شامل ہوگئے۔ ریلی کی قیادت اپوزیشن لیڈر شاہ بیگ نے کی جبکہ خواتین ممبران اسمبلی بھی ریلی میں شامل تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی کے ممبر اسمبلی عمران ندیم ، قوم پرست رہنما نواز خان ناجی اور دیگر نے کہاکہ آئینی حقوق دئیے بغیر پاکستان کے حکمران گلگت بلتستان میں کسی بھی قسم کا ٹیکس نافذ نہیں کرسکتے۔ وفاق کے اس غیرقانونی اقدام کیخلاف جی بی اسمبلی میں بھرپور آواز اٹھائیں گے۔ ایوان میں اس حوالے سے بات کی جائے گی۔ اینٹی ٹیکس موومنٹ کے ٹیکسز کے خلاف اس تحریک کی بھرپور حمایت کریں گے اور ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونگے۔

مزیدخبریں