اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کے حالیہ بیان پر تبصرے ہورہے ہیں، پاکستان کو اس وقت سیاسی بیانات کی کم اور عملی کام کی زیادہ ضرورت ہے، ایسے ادارے جو سیاسی جواب نہیں دے سکتے، ان سے متعلق بیانات نہیں دینے چاہئیں، اعتدال پسندوں کو آگے بڑھ کر سوچ کی تبدیلی میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا، ضرب عضب میں ہماری قربانیوں کو پوری دنیا تسلیم کر رہی ہے، ملک میں امن کے قیام کیلئے پاک فوج بے مثال قربانیاں دے رہی ہے، ہم جہالت اور اندھیرے سے نکال کر قوم کو اعتدال پسندی کی طرف لائیں گے۔ وہ سوشل سائنسز ایکسپو کی افتتاحی تقریب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گرد تعلیمی اداروں میں دی جانے والی تعلیم، ریاست اور ہماری تہذیب کو نہیں مانتے، ہمیں سوچنا ہوگا کہ وہ لوگ جو ہمیں آج چیلنج کر رہے ہیں ان کو ہم نے اتنا مضبوط کیوں ہونے دیا جو ہماری تہذیب وتمدن اور ریاست کو نہیں مانتے وہ اتنے طاقتور کیسے ہوئے؟ ہمیں سوچنا ہوگا کہ 65 سال میں ہم نے اس کے خلاف مزاحمت کیوں نہیں کی ہم کیوں خاموش رہے۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی سوچ کو بدلنا ہوگا۔ جو تفریق ہم پیداکرچکے ہیں اسے طاقت کی مدد سے ختم کیا جاسکتا ہے پاک افواج ضرب عضب کی صورت میں اس کو ختم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ہمارے فوجی جوان اور سپاہی اس سوچ کو بدلنے کیلئے لڑ رہے ہیں اسی طرح سوشل سائنسز کی تعلیم دینے والے اساتذہ اور تعلیم حاصل کرنے والے طلباء دہشتگردی اور انتہاپسندی کی سوچ کوختم کرنے کیلئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ضرب عضب میں ہماری قربانیوں کو پوری دنیا تسلیم کر رہی ہے۔ ملک میں امن کے قیام کیلئے ہماری افواج بے مثال قربانیاں دے رہی ہے۔ ہم اندھیرے سے نکال کرقوم کو اعتدال پسندی کی طرف لائیں گے۔ یقین دلاتا ہوں کہ 2018ء تک تعلیم اور سوشل سائنسز کیلئے کئے گئے وعدے پورے کریں گے اور ایسا پاکستان دیں گے جس میں جہالت کیلئے لائوڈ سپیکر استعمال ہوگا نہ ہی ملک میں ٹارگٹ کلنگ ہوگی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، انتخابات کا نتیجہ بیلٹ باکس سے نکلے گا۔ مسلم لیگ (ن) کی جہاں حکومت ہے وہاں ترقی کا اعتراف دنیا بھر کے لوگ کرتے ہیں، آزاد کشمیر کے لوگ بھی چاہتے ہیں کہ وہاں بھی ترقی ہو۔ آزادکشمیر اور پوری دنیا کے لوگ پاکستان میں مسلم لیگ ن کی کارکردگی سے بخوبی آگاہ ہیں، پوری دنیا میں حکومت کی کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے۔ زرداری کے بیان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایسی بحث بھی نہ چھیڑی جائے جس سے ان اداروں کا کام متاثر ہو۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے پانچ سال باتوں کے بجائے کام پر گزارے ہوتے تو آج ہم ان کاموں کو لے کر آگے چلتے۔ پاکستان کو دہشتگردی سے نجات دلانا ہے، دہشتگردی کے خلاف جو ادارے جنگ لڑ رہے ہیں ہمیں ان کا ساتھ دینا چاہئے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ خیبر پی کے کے ڈی جی احتساب کمشن کیوں مستعفی ہوئے، دنیا جانتی ہے کرپشن کے الزامات پر انتشار پیدا کرنے والے اپنی صفوں پر دھیان دیں۔ دھاندلی کے بخار میں مبتلا عمران خان کا علاج عوام ہی کر سکتے ہیں، صرف الزامات لگانے سے انتخابات نہیں جیتے جا سکتے۔ ملک میں انتشار پیدا کرنے والے اپنی صوبائی حکومت کی کارکردگی پر نوحہ کیوں نہیں پڑھتے۔