لاہور( خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبے کے عوام کو ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی معیاری سہولتوں کی بہتری کیلئے مختلف اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں صحت عامہ کی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کیلئے بنیادی اصلاحات کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت عبادت سے کم نہیں۔معیاری طبی سہولتوں تک رسائی عام آدمی کا حق ہے یہ حق اس تک ہر صورت پہنچائیں گے اس ضمن میں ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈ کواٹرز ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے ملکر کام کرنا ہے ۔ہسپتالوں میں مریضوںکومفت ادویات کی فراہمی ،طبی آلات و مشینری کو درست حالت میںرکھنے کے ساتھ صفائی کے نظام پر بھر پور توجہ مرکوز کی جائے۔صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں ۔ڈی سی اوز اور ای ڈی اوز ہیلتھ ہسپتالوں میں صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کا خود جائزہ لے کر اسے مزید بہتر بنائیں۔دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کیلئے ہسپتالو ںمیں طبی آلات اور مشینری درست حالت میںہونی چاہیے ۔ طبی آلات اور مشینری کی دیکھ بھال اور مرمت کیلئے عالمی معیار کی بائیومیڈیکل ورکشاپ کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں طبی آلات اور مشینری کے آڈٹ کا کام جلد مکمل کیا جائے ہسپتالوں میں طبی آلات اور مشینری خراب رکھنے میں ملوث مافیا کا گٹھ جوڑ ہر صورت توڑیں گے اورہسپتالوں میں مریضوں کو معیاری طبی سہولتو ںکی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہیلتھ سروس ڈلیوری کو بہتر بنانے کیلئے شارٹ، میڈیم اور لانگ ٹرم پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے۔ اس حوالے سے اگلے ماہ کے وسط تک سفارشات کو حتمی شکل دی جائے۔طبی آلات و مشینری بائیو میٹرک ٹیگنگ کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔مجھے صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کے نتائج چاہئیں عوام کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی میں کوئی تساہل برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ہسپتالوں میں او پی ڈیز میں مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ساتھ مل کر مربوط لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔ صوبائی وزرائ، مشیران اور سیکرٹری صاحبان ہفتے میں 2 روز فیلڈ میں رہ کر فرائض سرانجام دیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال قصور کی ایک ڈائلسز مشین تین ماہ تک خراب رہنے کا نوٹس لیتے ہوئے ایم ایس ہسپتال کی کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ورنر ای لی پیج نے ملاقات کی۔ ملاقات میں آبپاشی، توانائی، انفراسٹرکچر،شہری سہولتوں کی بہتری،واٹر مینجمنٹ،سیلاب سے بچاؤ کے حوالے سے اقدامات اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے لاہورمیں بلیو یا پرپل لائن کیلئے فنانسنگ پر دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کا بڑا پارٹنر ہے اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے پنجاب میں مختلف شعبوں میں منصوبوں پرکامیابی سے عملدر آمد ہورہا ہے۔ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے بھی 5 ہزار سکولوں کو سولر پر منتقل کررہی ہے۔اس طرح مجموعی طورپر صوبے کے دس ہزار سکولوں کو سولر پر منتقل کردیا جائے گا۔شہری سہولتوں کو بہتر بنانے کے حوالے ایشیائی ترقیاتی بینک کا تعاون لائق تحسین ہے اوراس ضمن میں جو پروگرام شروع کیا گیا ہے اس پر کامیابی سے عمل کیا جارہا ہے ۔لاہور کے بعد راولپنڈی اسلام آباد میں میٹرو بس پراجیکٹس سے لاکھوں افراد روزانہ مستفید ہورہے ہیںجبکہ ملتان میںبھی میٹروبس پراجیکٹ پر کام جاری ہے پنجاب حکومت بلیو اورپرپل لائن کی فزیبلٹی پر کام کررہی ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ مستقبل میں بھی سیلاب سے بچائو کے حوالے سے اقدامات، آبپاشی واٹر مینجمنٹ اور دیگر شعبوں میں اشتراک جاری رہیگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے لندن سکول آف اکنامکس کے ڈائریکٹرپروفیسرکریگ کال ہون کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی، جس میںپنجاب حکومت اورلندن سکول آف اکنامکس کے درمیان ریسرچ کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔ملاقات میںپنجاب کے تعلیمی اداروں اورلندن سکول آف اکنامکس طلباء و فیکلٹی ارکان کے تبادلوں کے امکانات کا بھی جائزہ لیاگیا اوراس ضمن میں مستقبل میں قریبی رابطہ رکھتے ہوئے مزید اقدامات پراتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیلئے ریسرچ کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔پنجاب حکومت لندن سکول آف اکنامکس کیساتھ ترقی وتحقیق کے شعبہ میں مستقبل میں ملکرکام کرے گی لندن سکول آف اکنامکس کی مہارت سے استفادہ کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہلندن سکول آف اکنامکس کے زیر اہتمام لاہور میںاگلے برس منعقد ہونے والی بین الاقوامی سمٹ کے حوالے سے ہرممکن تعاون فراہم کریں گے کریگ کال ہون نے کہا کہ پنجاب حکومت کیساتھ ریسرچ کے شعبہ میں تعاون کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے چین کے قونصل جنرل یو بورن نے ملاقات کی اور انہیں ایگزم بینک کی جانب سے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کیلئے فنڈز کو موثر قرار دینے پر مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ چین کی قیادت، حکومت اور ایگزم بینک کے حکام نے لاہوراورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کیلئے فنڈز موثر کیے جانے کے اعلان سے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت پرایک بار پھر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے جس پر ہم چین کی حکومت، قیادت اور ایگزم بینک کے اعلیٰ حکام کے شکرگزار ہیں۔انہوںنے کہا کہ چین کی جانب سے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کیلئے فنڈز کو موثر قرار دینا اہم سنگ میل ہے۔میٹرو ٹرین منصوبے کیل ئے ایگزم بنک کی جانب فنڈز موثر ہونے کا اعلان عوام کے لئے خوشخبری ہے۔ چین نے پاکستان کی موجودہ قیادت پر جو اعتماد کیا ہے وہ دونوں ملکوں کی دوستی میں ایک تاریخ ساز اہمیت کا حامل ہے ۔ فنڈز موثر ہونے سے تنقید کرنے والے مٹھی بھر عناصر کے عزائم چکناچور ہو گئے ہیں۔ عام آدمی کے مفادات کے منصوبے کو متنازعہ بنانے والی سیاسی جماعتوں کو عوام سے کوئی سروکار نہیں ایسی سیاسی جماعتوں کو منفی طرز سیاست سے گریز کرتے ہوئے مفاد عامہ کے منصوبوں میں رکاوٹیں پیدا نہیں کرنی چاہئیں۔ تاریخی مقامات کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایا گیا ہے اور کوئی تاریخی ورثہ متاثر نہیں ہوگا۔ چین کے قونصل جنرل یو بورن نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف محنت کیساتھ مفاد عامہ کے منصوبوں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے انتخابات میں بلامقابلہ منتخب ہونے پر صدر شہزادحسین بٹ اور دیگرعہدیداران کو مبارکباد دی ہے۔