بھارت کی جانب سے سکیورٹی کی یقین دہانی، دوستی بس سروس بحال، سمجھوتہ ایکسپریس آج جائیگی

Feb 25, 2016

لاہور (سپورٹس رپورٹر+ سٹاف رپورٹر) بھارت کی طرف سے سکیورٹی کی یقین دہانی کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان دوستی بس سروس دو روز تک معطل رہنے کے بعد دوبارہ بحال ہوگئی۔ گزشتہ روز پاکستانی بس 21 مسافروں کو لیکر واہگہ سے نئی دہلی کیلئے روانہ ہوئی۔ واضح رہے بھارتی ریاست ہریانہ میں ہنگاموں کے باعث سڑکیں بند ہونے پر دوستی بس سروس کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا جس کی بنا پر پیر اور منگل کے روز نہ پاکستان سے کوئی بس بھارت کیلئے روانہ ہوئی اور نہ ہی بھارت سے دوستی بس پاکستان آئی۔ بھارتی حکومت نے ہریانہ میں جٹ برادری کے احتجاجی مظاہرہ کے باعث سکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کرلی تھی جس کی وجہ سے بس سروس سمیت ریل اور مال گاڑی سروس کو عارضی بنیادوں پر معطل کر دیا گیا تھا۔ گزشتہ روز بھارتی حکام کی جانب سے سکیورٹی کلیئرنس کے بعد مال گاڑی اور بس سروس بحال ہوگئی جبکہ سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین بھی آج بروز جمعرات اپنے شیڈول کے تحت 52 مسافروں کو لیکر صبح 8 بجے واہگہ سٹیشن سے بھارت روانہ ہوگی۔ پی ٹی ڈی سی حکام کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان لاہور دہلی بس سروس اتوار کے علاوہ روزانہ آتی اور جاتی ہے۔

مزیدخبریں