گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) وزیر مملکت پا نی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پانامہ کیس پر تحریک انصاف والے کلین بولڈ ہوں گے، پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہی ہو گا میں خود اپنے بچوں کیساتھ قذافی سٹیڈیم میچ دیکھنے جاﺅں گا، دہشت گردوں کے سہولت کاروں سے پائی پائی کا حساب لیا جائیگا۔ گوجرانوالہ نندی پور پاور سٹیشن آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ہم نے پانامہ کیس میں تین پشتوں کا حساب دیدیا اخباری تراشوں کی بجائے ثبوت جمع کروائے گئے ہیں۔ عمران خان سن لیں آپ اشتہاری ہیں، اب آپ کے ڈی این اے سمیت تمام ٹیسٹ ہوں گے۔ پانامہ سے سرخرو ہونے کے بعد گلی گلی میں چوکے چھکے ماریں گے۔ عمران خان کیساتھ بھی اب ٹی ٹونٹی میچ ہو گا۔ عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین پی ٹی آئی کا بینک ہے جسے کے پی کے میں ٹھیکے دئیے جاتے ہیں۔ اس کی کرپشن بے نقاب کرنے پر وزیر کو فارغ کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی جعلی پیر ہیں جو بچوں کی فیسیں بیواﺅں اور یتیموں کے مال سے ادا کرتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی سے بھی اب دربار کے پیسوں کی رسیدیں مانگیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کی وگ اتار کر نیچے چھپا گند باہر نکالیں گے۔ چھابڑی فروش اسلام آباد میں کوٹھیوں کا مالک کیسے بنا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیہون شریف، لاہور سمیت دیگر علاقوں میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں معصوم بچوں ہماری ماﺅں بہنوں کو نشانہ بنایا گیا۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ سے پاکستان میں امن قائم ہو رہا ہے، ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کیساتھ ہیں۔ جو چاہتے ہیں لاہور میں فائنل نہ ہو ان کا خواب ادھورا رہے گا۔ دنیا دیکھے گی کہ پاکستانی عوام کرکٹ سے کتنا عشق کرتے ہیں۔ وزیر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ انشا اللہ نندی پور پاور پلانٹ گیس پر چلے گا، قادر پور ساہیوال، بکھی، بلوکی، حویلی بہادر شاہ جون تک سسٹم میں شامل ہو جائیں گے جس سے ستمبر، اکتوبر تک 36 سو میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائیگی۔
عابد شیر علی