اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان تحریک انصاف نے دارالحکومت کے مقامی حکومت کا ترمیمی ایکٹ کا بل قومی اسمبلی میں جمع کروا دیا۔ اس بل میں پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سے بلدیاتی حکومت کے لئے مزید اختیارات مانگ لئے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا کہ قومی اسمبلی میں یہ بل پارٹی کی طرف سے میں نے جمع کرایا جب یہ نیا قانون بنا عدالت کے دباﺅ پر حکومت نے مجبوراً بنایا اور اس میں کئی خامیاں تھیں۔ یہ ترمیمی بل منتخب میٹروپولیٹن کے اختیارات میں اضافہ کرنے کے لئے جمع کرایا ہے۔ بل کا مقصد مئیر و ڈپٹی مئیر کے انتخاب کے لئے ون ووٹ ون ممبر کے تحت الگ الگ ووٹ دیئے جائیں۔ چیئرمین براہ راست مئیر اور ڈپٹی مئیر کا الیکشن لڑ سکے گا۔ ترمیمی بل کے مطابق چئیرمین، ڈپٹی مئیر اور مئیر کا میٹروپولیٹن کا منتخب رکن ہونا ضروری ہو گا۔ مئیر اور ڈپٹی کا انتخاب چئیرمین، وائس چئیرمین اور کونسلرز کریں گے جبکہ عام انتخابات سے قبل بلدیاتی حکومت کو تحلیل نہیں کیا جا سکے گا۔
ترمیمی ایکٹ بل