کابل (اے پی پی/نوائے وقت رپورٹ) افغانستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 28 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے جبکہ قندوز میں افغان فوج کے جنگی ہیلی کاپٹر کے ہنگامی لینڈنگ میں ہیلی کاپٹر کو شدید نقصان پہنچا۔ افغان میڈیا کے مطابق حکام نے بتایا کہ صوبہ قندوز میں فضائی اور زمینی کارروائیوں میں 10عسکریت پسند ہلاک اورمتعددزخمی ہوگئے۔ یہ کارروائیاں ضلع امام صاحب اور قندوز میں کی جا رہی ہیں۔ اسی صوبہ میں افغان فوج کے جنگی ہیلی کاپٹر نے ہنگامی لینڈنگ کی تاہم اس دوران کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔ یہ واقعہ دشت آرچی کے علاقہ میں پیش آیا۔ دریں اثناءصوبہ ننگرہار میں مختلف کارروائیوں میں داعش کے 18عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ حکام کے مطابق یہ کارروائیاں کوٹ اور ہسکہ مینہ کے علاقہ میں کی گئیں جس میں مزید فضائیہ کا استعمال بھی کیا گیا۔ دریں اثناء افغان صوبے جوزمیان میں دہشت گردوں نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کر دیا، حملے میں پولیس کمانڈر سمیت سات اہلکار ہلاک چار زخمی ہو گئے، جوابی فائرنگ میں چار حملہ آور ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے۔
افغانستان