لاہور (خصوصی رپورٹر) بانی نوائے وقت، تحریک پاکستان کے رہنما اور مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے بانی صدر حمیدنظامی مرحوم کی 55ویں برسی آج ہفتہ 25 فروری کو منائی جائے گی۔ حمید نظامی مرحوم مختصر اداریہ نویسی اور سلیس اردو زبان میں تحریروں کے بانی شمار ہوتے ہیں۔ قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے کردار و نظریات سے متاثر ہو کر حمید نظمی مرحوم نے زمانہ طالب علمی میں تحریک پاکستان میں حصہ لینا شروع کیا۔ انہوں نے 1937ءمیں مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کی بنیاد رکھی۔ قائداعظم کی ہدایت پر پندرہ روزہ نوائے وقت کا اجرا کیا۔ بانیان پاکستان اور تحریک پاکستان کے خلاف ہندو پریس کے زہریلے پروپیگنڈا کا نوائے وقت نے منہ توڑ جواب دیا۔ حمید نظامی مرحوم نے قیام پاکستان کے بعد ملک میں جمہوریت کے استحکام کیلئے بھرپور کوششیں کیں۔ بعض مسلم لیگی رہنماﺅں کے غیرجمہوری رویئے اور ایوب مارشل لاءکے سامنے چٹان بن کر ڈٹ گئے۔ 25 فروری 1962ءکو انہوں نے اپنی فیملی اور پاکستانی قوم کو داغ مفارقت دیا۔ تحریک پاکستان کے ممتاز رہنما و بانی نوائے وقت حمید نظامی کی برسی کے موقع پر آج بروز ہفتہ ساڑھے 10 بجے صبح ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہور میں تحریک پاکستان کے کارکن کرنل (ر) اکرام اللہ خان خصوصی لیکچر دیں گے اور مرحوم کی حیات و خدمات کو اجاگر کریں گے۔ اس لیکچر کا اہتمام نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ہے۔
”بانی نوائے وقت حمید نظامی مرحوم کی 55ویں برسی آج منائی جائیگی“
Feb 25, 2017