اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان ائیر فورس اکیڈمی رسالپور میں گزشتہ روز 26ویں بیسک ائیر بورن کورس کی پیرا ونگ ایوارڈز کی تقریب منعقد ہوئی۔ ائیرمارشل اسد لودھی ، وائس چیف آف ائیر سٹاف اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔اس کورس کی خاص بات تینوں مسلح افواج سے تعلق رکھنے والی22خواتین افسران کی کورس میں شمولیت اور کامیاب تربیت تھی ۔ پاک فضائیہ کے پیرا ٹریننگ سکواڈرن نے ملکی تاریخ میں پہلی بار تینوں مسلح افواج کی خواتین کے لئے اکٹھے کورس کا انعقاد کیا۔ خواتین افسران میں سے2پی اے ایف، 3پاک نیوی اور 17پاک آرمی سے تھیں جنہوں نے 39 افسروں اور ائیر مینوں کے ساتھ کامیابی سے پیر ا ٹریننگ کی سخت تربیت حاصل کی۔ مہمانِ خصوصی نے کورس کی کامیاب تکمیل پرکورس کے شرکاءکو پیرا ونگ عطا کئے۔ بہترین خاتون پیرا ٹروپر کی ٹرافی کیپٹن میمونہ جبکہ بہترین مرد پیرا ٹروپر کی ٹرافی کارپورل ٹیکنیشن جمال نے حاصل کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے مہمانِ خصوصی نے کہا کہ پیرا ونگ محض ایک دکھاوا یا سجاوٹ نہیںبلکہ یہ ہمت ،قربانی اور استقامت کی علامت ہے۔ آپ کے راستے میں ان گنت چیلنجز اور مشکلات آئیں گی اور آپ کو ان چیلنجز سے نبر د آزما ہونے کے لئے اس تربیت کے دوران حاصل ہوئی ہمت اور جذبے سے کام لینا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کورس کے دوران 22لیڈی آفیسرز کی کامیاب تربیت ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے اور یہ ملک کی دوسری خواتین کے لئے عز م اورثابت قدمی کی بہترین مثال ثابت ہوگی۔اس تقریب کی خاص بات پی اے ایف کی سکائی ڈائیونگ ٹیم" شہپر"کا فری فال کا شاندار مظاہرہ تھا ۔پیرا ٹروپرز نے 10000فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگائی اور کامیابی سے پریڈ سکوئر میں اترے اور حاضرین نے خوب داد وصول کی۔