راولپنڈی/ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں + نامہ نگار) راولپنڈی میں پتنگ بازی کے خونی کھیل نے دو نوجوانوں کی جان لے لی ۔ریسکیو 1122کے مطابق سکستھ روڈ کے قریب ایک نوجوان کے گلے پر دھاتی ڈور پھرنے کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہو گئی جبکہ ایک اور واقعہ میں صادق آباد کے علاقے میں 18سالہ نوجوان ثناءاللہ کے گلے پر بھی دھاتی ڈور پھرنے سے اس کی موت واقع ہو گئی ۔دوسرے واقعہ میں ٹیپو روڈ پر ڈھوک پیراں فقیراں میں دھاتی ڈور ایک نوجوان کے پاﺅں سے لپٹ گئی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گیا ۔زخمی نوجوان کو طبی امداد کیلئے بے نظیر بھٹو ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ۔واضح رہے کہ پتنگ بازی پر پابندی کے باوجود جمعہ کو دن بھر شہر کے مختلف علاقوں صادق آباد وارث خان ،جاوید کالونی ،ڈھوک رتہ ،منگٹال و دیگر علاقوں میں پتنگ بازی کا سلسلہ جاری رہا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے راولپنڈی میں پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کا نوٹس لے لیا۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پابندی کے باوجود واقعات ناقابل برداشت ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اے ایس پی صدر راولپنڈی اور ایس ایچ او تھانہ کو معطل کردیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس مشتاق احمد سکھیرا نے راولپنڈی میں ڈور پھرنے سے شہری کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او راولپنڈی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے صوبے کے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو پتنگ بازی کے خلاف پہلے سے جاری کریک ڈاﺅن مزید مو¿ثر بنانے کے احکامات بھی جاری کئے ہیں۔ دوسری طرف پولیس نے راولپنڈی میں پتنگ فروشوں اور پتنگ بازوں کیخلاف آپریشن کرکے 200 سے زائد افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار افراد سے 20 ہزار پتنگیں اور 500 سے زیادہ ڈور کی چرخیاں برآمد کی گئی ہیں۔