وفاقی وزیر قانون و انصاف زاہد حامد نے پارلیمانی جماعتوں کو فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے نئے مجوزہ آئینی ترمیمی بل ای میلز کے ذریعے بھیج دیا جبکہ پارلیمانی قائدین کے آئندہ کے مشاورتی اجلاس کا بھی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔ا جلاس منگل کو ہوگا۔ ذرائع کے مطابق وزارت کی جانب سے خصوصی اہتمام کے ساتھ پارلیمانی جماعتوں کو ای میلز کے ذریعے فوجی عدالتوں سے متعلق آئینی ترمیمی بل کا مسودہ بھیج دیا گیا ہے۔ بل چار صفحات پر مشتمل ہے اور اس میں نئی تجاویز بھی شامل ہیں۔ ترمیم میں مذہب اور مسلک کے الفاظ برقرار رکھنے اور اس معاملے پر دینی جماعتوں کی تسلی و تشفی کیلئے ریاست کے خلاف سنگین کارروائیوں کے اضافی الفاظ شامل کردیئے گئے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں پرصرف ایک جماعت کے تحفظات ہیں جنہیں دور کرنے کی کوششیں جاری ہےں۔