لاہور+ کمالیہ+ ٹوبہ ٹیک سنگھ+ جڑانوالہ+ جکھڑ (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگاران) لاہور سمیت کئی شہروں میں گرج چمک کیساتھ بارش سے موسم بھی خوشگوار ہو گیا۔ جڑانوالہ میں ہلکی بارش نے مقامی انتظامیہ کی کارکردگی کے پول کھول دیئے۔ گزشتہ رات ہونے والی بارش کے باعث سردی میں معمولی اضافہ ہوا۔ دیگر محلوں اور بازاروں بالخصوص غلہ منڈی میں نالیاں گٹر بند ہونے سے بارش کا پانی سڑکوں پر کھڑا ہو گیا۔ کیچڑ بننے سے شہریوں کو گزرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ بند نالیاں اور گٹروں کا گندا پانی تعفن پھیلاتا رہا۔ شہر میں کوڑے کے ڈھیر بارش جل تھل مقامی انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ایم سی چیئرمین رائے مصطفی بابر کیمطابق صفائی کرنے والا عملہ کم ہے جس سے ایک ہی وقت شہر صاف نہیں کیا جا سکتا شہریوں کے بڑھتے مسائل پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔ زرعی ماہرین کے مطابق یہ بارش گندم سمیت دیگر فصلوں کیلئے بہت بہتر ہے۔ پیداوار پر مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ کمالیہ شہر اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش کے باعث سردی میں معمولی سا اضافہ ہو گیا۔ تاہم شہریوں نے اس خوشگوار موسم پر مسرت کا اظہار کیا۔ بچوں، بزرگوں اور خواتین کی کثیر تعداد نے پارکوں کا رخ اختیار کیا۔ جکھڑ میں بارش سے سیوریج لائنوں کا گندا پانی سڑکوں پر آ گیا۔ ٹی ایم اے کا عملہ سسٹم پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہو گیا۔