لاہور (این این آئی ) وفاقی وزیر ریلویزخواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ انتخابات کو روکنے کے لئے جو کھیل کھیلے جارہے ہیں خدا کرے وہ کھیل ناکام ہوں،بد قسمتی ہے جو سیاستدان جمہوریت ،قانون کی حکمرانی اورپارلیمنٹ کی سپر میسی کی بات کرے اسے غدار ،چور اور ڈاکو قرار دیدیا جاتا ہے ،بہت سے لوگ اس انتظار میں ہے کہ حکومت کی مدت پوری ہواور وہ اپنا کام کریں لیکن ریلوے میں ایماندار افسروں کی ایسی فوج چھوڑ کر جارہا ہوںجو مافیا کا مقابلہ اور اپنے محکمے کے مفادات کا تحفظ کرے گی ۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ریلوے سٹیڈیم میں تقریب سے خطاب میں کیا ۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ دعا ہے کہ اس ملک میں وقت پر انتخابات ہو جائیں، انتخابات کو روکنے کے لئے جو کھیل کھیلے جارہے ہیں خدا کرے وہ کھیل ناکام ہوںاور پاکستان کے لوگوں کو ووٹ کے ذریعے اپنی قسمت کے فیصلے کا اختیار ملے ۔ جوں جوں انتخابات قریب آرہے ہیں دھول بھی اڑائی جارہی ہے شور بھی ڈالا جارہا ہے اور چور چور کا شور بھی بڑھتا جارہا ہے،جوں جوں انتخابات کا مرحلہ قریب آئے گا یہ شور اور اونچا ہوگا لیکن پاکستان کا ووٹر بڑا میچور ہے وہ دیکھتا ہے کہ کام کون کرتا ہے وہ پراپیگنڈہ سے مرعوب نہیں ہوتا ۔باتیں کرنا تو بہت آسان ہے لیکن کام کرنا مشکل ہے اور حکومت نے کام کر کے دکھایا ہے۔ کوئی بھی ادارہ نجکاری کے بغیر چل سکتا ہے‘ اداروں کی نجکاری کا حامی نہیں۔ سرکار کو اپنی چیزوں کو بیچنا نہیں چاہیے۔