اسلام آباد(صباح نیوز)مشیر قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ نے کہاہے کہ پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو شکست دینے کیلئے پرعزم ہے۔ اسلام آباد میں قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ سے رومانیہ کے سفیر نیکولائی گوئیہ نے ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، علاقائی صورتحال اور علاقائی روابط پرتبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر قومی سلامتی کے مشیر کا کہنا تھا پاکستان رومانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اسے یورپی یونین کا اہم ملک تصور کرتا ہے۔دوران ملاقات ناصر جنجوعہ نے رومانیہ کے سفیر کو افغانستان کے خصوصی تناظر میں علاقائی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔اس موقع پررومانیہ کے علاقائی امن واستحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی،رومانیہ کے سفیر نے باہمی تجارت بڑھانے اور اقتصادی تعلقات مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔