کراچی ( سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کے خاندان کو احتساب کیلئے چن لیا گیا ہے،شریف خاندان کیخلاف بنائے گئے جھوٹے مقدمات عالمی سطح پر بھی بے نقاب ہورہے ہیں ،آصف علی زرداری جب کسی کو کرپٹ کہیں تو سمجھ لیں وہ شخص فرشتہ ہے،زرداری اور بلاول کے ہوتے ہوئے کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہے ،عمران خان کے پاس بیچنے کو کچھ نہیں رہا تو پیرنی پیرنی کھیلنا شروع ہوگئے ہیں ،آف شور کمپنیاں عمران خان، جہانگیر ترین اور ان کی بہن کی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہفتے کو کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ نوازشریف نے جب اقتدار سنبھالا ملک کا برا حال تھا۔ملک میں بجلی گیس نہیں تھی۔ہفتے اور اتوار کو بینک کھول کر لوٹ مار کی جاتی تھی ۔عالمی سطح پر کرپشن کی شکایات عام تھیں کیونکہ پیپلزپارٹی کرپشن کو عبادت سمجھتی ہے ۔نواز شریف کو چائنا کٹنگ ،ٹارگٹ کلنگ ،گیس اور بجلی کے بحران کے خاتمے کی سزا مل رہی ہے ۔انہوںنے کہا کہ کراچی سمیت سندھ کے تمام شہروں کا برا حال ہے۔ ہر ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی اپنی نااہلی کی وجہ سے ہار رہی ہے۔ سندھ میں سیاسی لیڈروں کے گھروں سے اربوں روپے برآمد ہوئے ہیں، نواز شریف اور مریم نواز کو جیل میں ڈالنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، مسلم لیگ ن سینیٹ کی اکثریتی جماعت ہوگی۔ سینیٹر مشاہد اللہ خان نے اسلام آباد سے کراچی پہنچنے پر کراچی ائیرپورٹ پر پارٹی رہنمائوں سینیٹر سلیم ضیا، صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر گجر، کھیل داس کوہستانی اور دیگر رہنمائوںکے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں کامیابی کے بعد سندھ کی ترقی اور خوشحالی ہماری حکومت کی سب سے پہلی ترجیح ہوگی۔ہم سندھ کو لاہور پنجاب سے بھی زیادہ ترقی یافتہ بنائیں گے، میاں محمد نواز شریف کے خلاف فیصلوں سے ملکی معیشت کو سخت دھچکا لگا ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری پر کام کی رفتار کو بریک لگ گئی ہے۔ سرمایہ کار آئندہ انتخابی نتائج تک مزید سرمایہ کاری سے پیچھے ہٹ رہے ہیں اسٹاک ایکسچینج میں اتار چڑھائو کی واحد وجہ میاں محمد نواز شریف کے خلاف آنے والے پے درپے فیصلے ہیں لیکن ان تمام رکاوٹوں کے باوجود پاکستان مسلم لیگ(ن) انتخابات میں تاریخ ساز کامیابی حاصل کرے گی۔