احد چیمہ کو پکڑنے کا مطلب 50 فیصد شہباز شریف کی گرفتاری ہو سکتی ہے، ڈر ہے افسر کو مار نہ دیا جائے: چودھری منظور

Feb 25, 2018

لاہور ( خبر نگار) پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری جنرل چودھری منظور نے کہا پنجاب میں ایک بیورو کریٹ کی گرفتاری پر ایسے لگ رہا ہے جیسے قیامت برپا ہے، احد چیمہ کی گرفتاری کا مطلب ہے پچاس فیصد شہباز شریف کی گرفتاری ہو سکتی ہے، شہباز شریف کی گرفتاری پر باقی افسروں کی گرفتاری بھی ممکن ہوگی، تو ڈر ہے کہیں احد چیمہ کو مار نہ دیا جائے۔ ماڈل ٹائون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اگر احد چیمہ کو کچھ ہو گیا تو پھر نیب کو بھی نقصان ہو گا اورشہباز شریف بھی بچ نکلیں گے اس لئے نیب احد چیمہ کی جان کی حفاظت کا انتظام کرے۔ انہوں نے کہا اتفاق گروپ آف آفیسرز نے ہڑتال کی ناکام کوشش کی، ہڑتال بغاوت کے زمرے میں آتا ہے۔ آفیسرز نے اس وقت ہڑتال کیوں نہیں کی جب گریڈ 18 کے آفیسر کو گریڈ 20 میں ترقی دی گئی کیا اس وقت آفیسرزنے ہڑتال کی جب بلوچستان میں سیکرٹری خزانہ کو کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا، کیا کبھی سندھ میں آفیسر کی گرفتاری پر ہڑتال کی گئی۔ انہوں نے کہا احد چیمہ کی گرفتاری سے یہ تاثر ٹوتا ہے شہباز شریف کا این آراو ہو گیا ہے اور وہ آئندہ وزیر اعظم ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے وکلا اس کیس میں پیش ہوں گے اور کرپٹ آفیسر کے خلاف کارروائی کی حمایت کریں گے۔

مزیدخبریں