کراچی (سٹاف رپورٹر) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک میں مسائل اور پریشانی کے واقعات سے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ، موجودہ حالات میں بھی بہت جلد بہتری آجائے گی اور ملک ترقی کے راستے پر گامزن رہے گا، بعض گمراہ عناصر نے بدامنی پیدا کرکے کراچی کو بہت نقصان پہنچایا لیکن حکومت کی درست حکمت عملی اور بروقت اقدامات کے نتیجے میں کراچی میں امن بحال ہوچکا، اب اس شہر اور پاکستان کی ترقی کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔ ملک کی سمت درست ہے، حکومت کی کارکردگی سے بہتری پیدا ہوئی۔صدر مملکت نے یہ بات مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کے قائم کیے ہوئے خاتون پاکستان گرلز سکول کے دورے کے موقع پرکہی جہاں انہیں سکول میں جاری تعلیمی نب عمل اور اس میں بہتری لانے کے سلسلے میں زندگی ٹرسٹ کی خدمات کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ اس موقع پر زندگی ٹرسٹ کے سربراہ شہزاد رائے، وفاق اور سندھ کے اعلیٰ حکام کے علاوہ کراچی کے مخیر حضرات بھی موجود تھے۔صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ ملک میں مسائل اور پریشانی کے واقعات ہوتے رہتے ہیں ، ان سے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں، موجودہ حالات میں بھی بہت جلد بہتری آجائے گی اور ملک ترقی کے راستے پر گامزن رہے گا۔صدر مملکت نے کہا کہ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ تعلیم کے بغیر ممکن نہیں،ماضی میں تعلیم سمیت بہت سے شعبے نظر انداز ہوئے جبکہ نیشنلائزیشن کئی قسم کے مسائل پیدا ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال سے نکلنے کے لیے نجی شعبہ تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے جبکہ زندگی ٹرسٹ اور اس کے سربراہ شہزاد رائے نے بھی اس سلسلے میں قابل قدر کام کیا ہے، نجی شعبہ جس کے تقلید کرکے تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
ملک میں مسائل اور پریشانی کے واقعات سے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں :صدرممنون
Feb 25, 2018