مقبوضہ فلسطینی علاقے میں کثیرالمنزلہ عمارت میں آتشزدگی‘ 21 یہودی زخمی

مقبوضہ بیت المقدس‘ غزہ (اے این این)فلسطین کے مقبوضہ علاقے اسدود میں ایک کثیرالمنزلہ عمارت میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں کم سے کم 21 صہیونی دم گھٹنے اور آگ کی شعلوں کی لپیٹ میں آ کر شدید زخمی ہوگئے۔اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق زخمی یہودیوں کو اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ ادھر فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی سرحد پر صہیونی فوج فوج نے ہنگامی حالت کی سطح مزید بڑھا دی ہے۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز اسرائیلی فوج کی بھاری نفری کو غزہ کی سرحد پر نقل وحرکت میں دیکھا گیا۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے ہنگامی حالت میں اضافہ چار اسرائیلی فوجیوں کے غزہ کی سرحد پر زخمی ہونے کے واقعے کے بعد کیا گیا ہے۔عبرانی ٹی وی 10 کے مطابق فوج کو غزہ کی پٹی میں عوام کی جانب سے سرحدی باڑ کے قریب احتجاجی مظاہروں اور اس دوران بم نصب کیے جانے کا خوف ہے۔ دریں اثناءقابض صہیونی فوج نے فلسطین کے علاقے مقبوضہ مغربی کنارے میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران اسیر فلسطینی کی اہلیہ اور اس کے والد سمیت متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہروں سلفیت، الخلیل اور بیت لحم میں چھاپوں کے دوران متعدد فلسطینیوں کوحراست میں لے لیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض فوج نے تلاشی کی کارروائیوں میں فلسطینیوں کے گھروں پر حملوں کے ساتھ ساتھ صوتی بموں کا بھی استعمال کیا ہے۔ ایک فلسطینی شہری کے گھر میں گھس کر لوٹ مار اور توڑپھوڑ کی۔
فلسطین

ای پیپر دی نیشن