اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) ملائشیا کے سیکنڈ سیڈ سریش درشن نے چاینیز تائیپائی کے کوالیفائر چینگ وی چین کو ایک دلچسپ فائنل میچ میں 3-6، 7-5اور 6-1سے شکست دے کر سید تجمل عباس آئی ٹی ایف پاکستان ورلڈ جونیئر رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ جیت لی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر جو پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سابق وائس پریذیڈنٹ بھی رہ چکے ہیں فائنل میچ کے مہمان خصوصی تھے انہوں نے میچ کے اختتام پر کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ اس مو قع پر ایشیئن ٹینس فیڈریشن کے اعزازی تاحیات سینئر وائس پریذیڈنٹ سینیٹر سید دلاور عباس، آئی جی موٹر وے پولیس و سابق صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن ڈاکٹر سید کلیم امام،پاکستان کی سابق ڈیوس کپ ٹیم کپتان حمید الحق اور آئی ٹی ایف سپروائزر محمد عارف قریشی بھی موجود تھے۔پاکستان ٹینس فیدریشن کے زیر اہتمام اور آئی ٹی ایف کی زیر نگرانی ہونے والی اس چیمپئن شپ میں پاکستان سمیت دس ممالک، 20 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ چیمپئن شپ کے بوائز ڈبل فائنل میچ میں ہانگ کانگ کے میتھیو یی اور پاکستان کے محمد نعمان آفتاب نے تھائی لینڈ کے رتنن سری تی وارچر اور ملائیشیا کے سریش درشن کو 6-3اور6-1سے شکست دے کے بوائز ڈبل ٹائٹل جیت لیا۔