اسلام آباد (آن لائن) میمو گیٹ سکینڈل کے مرکزی کردار اور امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرکے وطن واپس لانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ سے منظوری کے بعد ایف آئی اے نے انٹرپول ہیڈکوارٹر فرانس کو خط لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حسین حقانی عدالتی مفرور ہیں اور انہیں سپریم کورٹ کے حکم پر پاکستان واپس لانے کیلئے انٹرپول ریڈ وارنٹ جاری کرے ۔ تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے میمو گیٹ سکینڈل کے مرکزی کردار اور امریکہ میں سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرکے پاکستان واپس لانے کی منظوری دے دی ہے اور ایف آئی اے نے انٹرپول ہیڈکوارٹر فرانس کو مراسلہ ارسال کردیا ہے خط میں کہا گیا ہے کہ حسین حقانی عدالتی مفرور ہیں جو کہ 2012ءمیں سپریم کورٹ میں واپسی کی یقین دہانی کروا کر گئے تھے لیکن متعدد بار نوٹس جاری کرنے کے باوجود پیش نہیں ہورہے ہیں جبکہ سپریم کورٹ نے میمو گیٹ سکینڈل کو ملکی سالمیت کا معاملہ قرار دیتے ہوئے سابق سفیر کو انٹرپول کے ذریعے وطن واپس لانے کا حکم دے رکھا ہے انٹر پول ہیڈکوارٹرز فرانس نے خط موصول ہونے کی تصدیق کردی ہے تاہم انٹر پول ریڈ وارنٹ جاری کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ایک یا دو روز میں کرے گی جبکہ ریڈوارنٹ جاری ہونے کی صورت میں ایف آئی اے کی ٹیم حسین حقانی کو گرفتار کرکے وطن واپس لانے کیلئے امریکہ روانہ ہوجائے گی۔
حسین حقانی
حسین حقانی عدالتی مفرور انٹرپول گرفتاری کیلئے ریڈوارنٹ جاری کرے: پاکستان کا خط
Feb 25, 2018