اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے فلسفے پر عمل پیرا ہے۔ ہم سب محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے نقش قدم پر چل کر ایسے معاشرے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیںجہاں امن، روشنی اور خوشحالی ہو۔ ہفتہ کے روز زرداری ہاﺅس اسلام آباد میں پیپلزپارٹی ضلع راولپنڈی کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ 2013ءکے انتخابات میں ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے تھے۔ آر اوز نے انتخابات چرائے اور نواز شریف اقتدار میں آئے مگر اب ایسے حالات نہیں جو 2013ءمیں تھے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے لئے بے شمار رکاوٹیں پیدا کی گئی تھیں۔انہوں نے کہا کہ اب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری میدان میں آچکے ہیں۔ ہم سب مل کر محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے خوابوں کی تعبیر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد خارجہ پالیسی محترمہ بینظیر بھٹو کا فلسفہ تھا۔ خواتین کو بااختیار بنانا ان کا مشن تھا۔ کچلے ہوئے طبقات کو طاقتور بنانا شہید بی بی کا پروگرام تھا۔ ان کی نظر میں ملک کا ہر بیٹا بلاول اور بیٹی بختاور تھیں۔ بلاول بھٹو زرداری اور میرا مشن بھی یہی ہے کہ ملک کو غربت، بیروزگاری اور جہالت سے پاک کیا جائے۔ آصف علی زرداری نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے کہا کہ وہ بلاول بھٹو کے سفیر بن کر ہر نوجوان کو یہ پیغام پہنچائیں کہ بلاول بھٹو زرداری آپ کے بہترین اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے قائد نے 1973ءکا آئین بنایا تھا، قائدعوام کے ایک کارکن نے صدر مملکت بننے کے بعد 1973ءکے آئین کو اصل صورت میں بحال کرکے صوبوں خود مختاری دے کر قائد عوام کے وعدے کو پورا کیا۔ آصف علی زرداری نے ہدایت کی کہ آج سے ہی انتخابی مہم شروع کر دیں، اپنے اپنے محاذ پر ڈٹ جائیں۔
زرداری
2013ءکے الیکشن میں ہمارے ہاتھ بندھے تھے مگر اب ایسا نہیں، زرداری
Feb 25, 2018