لاہور (سپیشل رپورٹر) پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (ڈی ایم جی) کے پنجاب چیپٹر کے انتخابات آج لاہور میں ہونگے۔ جس میں الیکشن کی بجائے اگلے سال کے لئے عہدے داروں کا چناو¿ کیا جائے گا۔ تین سال قبل ہونے والے انتخابات میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد سعید پنجاب کے صدر جبکہ کیپٹن ظفر سیکرٹری منتخب ہوئے تھے۔ ایک سال باڈی کی معیاد ہوتی ہے اس کے ختم ہونے کے بعد پنجاب چیپٹر کے انتخابات نہیں کرائے گئے تھے اب جبکہ احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد ڈی ایم جی کو ایک پلیٹ فارم اور اپنے مزید افسران کو پنجاب میں گرفتاریوں سے بچانے، اس پلیٹ فارم سے نیب، چیف جسٹس اور دیگر اہم اداروں کے سربراہوں سے ملاقات کے لئے چہرے چاہیں تو اب الیکشن کی بجائے سلیکشن کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق دو روز قبل چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں افسران نے فیصلہ کیا تھا ہڑتال نہیں ہو گی لیکن اگلے روز ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب عمر رسول اور چند دیگر افسران کی جانب سے اپنے دفاتر کو تالے لگا کر بند کرنے پر بعض سینئر افسران نے شدید اعتراضات اٹھائے ہیں جس کی وجہ سے گزشتہ روز ہونے والی میٹنگ جو سول آفیسر میس میں منعقد کی گئی تھی اس میں صرف 27 افسران نے شرکت کی۔ پی ایم ایس ایسو سی ایشن، پولیس سروس کے افسران کو بلایا گیا تھا وہ شریک نہیں ہوئے جس پر میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈی ایم جی پنجاب چیپٹرکے انتخابات یا سلیکشن کی جائے تاکہ باڈی کے پلیٹ فارم سے اپنا موقف دیاجائے جس پر آج سول افیسر میس میں 12 بجے میٹنگ طلب کر کے ڈی ایم جی افسران کو فون کئے گئے ہیں وہ لازمی شریک ہوں جبکہ ذرائع کے مطابق چند ڈی ایم جی افسران کی من مانی کی وجہ سے اب کوئی بھی ان حالات میں ڈی ایم جی ایسو سی ایشن کا الیکشن لڑنے کے لئے تیار نہیں متعدد سینئر افسران سے رات گئے تک رابطے کئے گئے جن افسروں کی شہرت بہت اچھی ہے وہ منتخب ہو جائیں لیکن سب نے انکار کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق امکان ہے عمر رسول ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب خود پنجاب چیپٹر کا صدر بنائیں گے جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری ہوم کا بھی امکان ہے ان کو صدر بنایا جائے۔ تاہم فیصلہ آج اجلاس میں کیا جائے گا۔
ڈی ایم جی/ پنجاب