کراچی:نشے کی حالت میں سرعام فائرنگ کرنے والاملزم اب تک مفرور

کراچی کے علاقے شارع فیصل پر نشے کی حالت میں فائرنگ کرنے والا ملزم عدنان پاشا اب تک گرفتار نہ ہوسکا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم عدنان پاشا کے گھر تالا ہے اور وہ اہلیہ اور بہن کو لے کر فرار ہوگیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لئے گلستان جوہر بلاک 11میں اس کے سسرال کے گھر چھاپا مارا تاہم وہاں موجود نہیں تھا جبکہ کارروائی کے دوران ملزم کے دو برادر نسبتی اور 5افراد کو پوچھ گچھ کے لئے حراست میں لے لیا۔واضح رہے کہ نوجوان نے کراچی کی اہم ترین سڑک شارع فیصل پر رات کے اوقات میں سرعام فائرنگ کی جس کے بعد ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی تھی۔نوجوان نے ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چیلنج کیا تھا اور اس دوران اپنا نام عدنان پاشا بتایا تھا۔ذرائع کے مطابق فائرنگ کرنے والا نوجوان رینٹ اے کار کا کام کرتا ہے۔گزشتہ روز وزیر داخلہ سندھ نے حکم دیا کہ ملزم کو فوری گرفتار کرکے اس کے خلاف تحقیقات کی رپورٹ بھی ارسال کی جائے۔دوسری جانب آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران کو شہری کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا۔

ای پیپر دی نیشن