بھارت نے پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کنٹرول لائن کے قریبی رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا رہی ہے ،پاکستان کی جانب سے بھاری توپوں کا استعمال کیے جانے کے باعث سینکڑوں افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ایک عہدیدار نے بتایا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر پاکستان کی جانب سے شدید فائرنگ اور شیلنگ کی جارہی ہے جس کے نتیجے میں سینکڑوں افراد نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔ ایک بھارتی فوجی افسر نے بتایا کہ انڈین فوج نے جوابی فائر کیے اور 2003 کی جنگ بندی کے بعد سے لائن آف کنٹرول پر پہلی مرتبہ فریقین نے بھاری توپوں کا استعمال کیا گیا۔مقبوضہ کشمیر کے مقامی پولیس سپرنٹنڈنٹ امتیاز حسین نے الزام عائد کیا کہ پاکستانی فوج کے داغے گئے گولے اڑی سیکٹر کے قریبی دیہات میں گرے، جس کے باعث سینکڑوں مقامی افراد کو علاقہ چھوڑ کر جانا پڑا۔پولیس سپرنٹنڈنٹ امتیاز حسین کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج نے ایک مسجد میں لاڈاسپیکر کے ذریعے ایسے اعلانات بھی کیے کہ لائن آف کنٹرول کے قریب بھارت کی طرف رہنے والے دیہاتی وہاں سے منتقل ہو جائیں۔ امتیاز حسین کے مطابق لائن آف کنٹرول پر صورتحال مخدوش ہے اور سات سو کے قرین مقامی افراد اڑی کے ایک اسکول میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔خبررساں ادارے کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ تازہ جھڑپ لائن آف کنٹرول پر واقع اڑی سیکٹر میں ہوئی،دونوں پڑوسی مگر حریف ممالک کے درمیان تناﺅ کی موجودہ کیفیت رواں ماہ کے دوران بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے میں پاک فوج کے ایک بھارتی فوجی چوکی پر مبینہ حملے اور اس میں 6بھارتی فوجیوں کی ہلاکتوں کے بعد سے اپنے عروج پر ہے۔بھارت نے اس حملے کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہراتے ہوئے کہا تھا کہ اسلام آباد حکومت کو اس کی قیمت ادا کرنی ہو گی۔ بھارت کے وزیر دفاع بھی ایسا ہی بیان دے چکے ہیں۔دوسری جانب پاکستانی وزارت خارجہ نے بھارت کی جانب سے فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں برس لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے اب تک سترہ پاکستانی شہری شہید ہو چکے ہیں۔خبررساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پاکستان اور بھارت کی افواج کے مابین سرحد پر ایسی جھڑپوں کے واقعات حالیہ چند ماہ میں تیزی آئی ہے ، دونوں ممالک ایک دوسرے پر 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتے ہیں، جھڑپوں میں اکثر شہری اور فوجی مارے جاتے ہیں ، جوہری ہتھیاروں سے لیس یہ دونوں جنوبی ایشیائی قوتیں ایک دوسرے کے خلاف تین جنگیں بھی لڑ چکی ہیں۔
پاک فوج کنٹرول لائن کے قریبی رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا رہی ہے،بھارت کی ہرزہ سرائی
Feb 25, 2018 | 20:44