لاہور(نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ جنگی جنون میں مبتلا بھارت سفارتی سطح پر دنیا میں تنہا ہو رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کو بھی پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائیگا، مقبوضہ کشمیر میں بدترین بھارتی مظالم کشمیریوں کی آواز کو خاموش نہیں کرواسکے اور آج تحریک آزادی پہلے سے زیادہ مضبوط اور تیز ہے۔ پاکستان کو کرپشن سے پاک کریں گے اس لیے کسی کر پٹ شخص کو این آر او مل رہا ہے اور نہ ہی ملے گا۔ وزیر اعظم عمران خان صحت‘ تعلیم کے شعبے کی بہتری اور ملک کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کیلئے جو اقدامات کر رہے ہیں ماضی میں انکی کوئی مثال نہیں ملتی، وہ سینیٹر ظفر چوہدری، انڈس فارما کے چیف ایگز یکٹو زاہد سعید، یوکے سے آنیوالے راجہ مظہر اور دیگر کشمیری وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہاکہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور بھارت بھی جانتا ہے کہ اگر وہ پاکستان کے خلاف کوئی حرکت کریگا تو اس کے ساتھ پھر کیا ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ امن اور مذاکرات کی بات کی۔ اگر ہم نے ملک کو معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال بنانا ہے تو اس کیلئے ضروری ہے کہ کرپشن کرنے والوں سے نہ صرف حساب لیا جائیگا بلکہ انکو کرپشن اور لوٹ مار کرنے کی سزا بھی ملے گی۔
جنگی جنون میں مبتلا بھارت سفارتی سطح پر دنیا میں تنہا ہو رہا ہے: چوہدری سرور
Feb 25, 2019